Apr ۲۴, ۲۰۱۹ ۲۱:۱۱ Asia/Tehran
  • امریکی پالیسی عالمی امن کے لئے خطرہ ہے، روس

روس کی مسلح افواج کے سربراہ نے کہا ہے کہ امریکہ نے دنیا کے قدرتی ذخائر پر کنٹرول اور اپنا تسلط باقی رکھنے کے لئے بین الاقوامی قوانین کو نظرانداز اور اجتماعی عالمی سلامتی کے میکنزم کو پیرو تلے روندا ہے اور اس کی یہ پالیسی، دنیا میں اسٹریٹیجک استحکام کے سسٹم کے تباہ ہونے کا باعث بنی ہے۔

روسی فوج  کے چیف آف جنرل اسٹاف والری گراسیموف نے بدھ کے روز ماسکو میں بین الاقوامی سیکورٹی اجلاس سے اپنے خطاب میں امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی پالیسی کو جارحانہ اور بدامنی پھیلانے والی پالیسی قراردیا - انھوں نے کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی جارحانہ اور عدم استحکام کا باعث بننے والی پالیسی کے نتیجے میں علاقائی و عالمی سیکورٹی کی صورت حال کافی متاثر ہوئی ہے۔

گراسیموف نے کہا کہ امریکہ نے دنیا کے قدرتی ذخائر پر تسلط و کنٹرول اور نقل و حمل کی ارتباطی راہوں کو اپنے زیر اثر رکھنے کے لئے بین الاقوامی قوانین کو نظرانداز کیا اور وہ اقوام متحدہ کے منشور اور اسی طرح اجتماعی سلامتی کے نظام کو پیروں تلے روند رہا ہے اور یہ پالیسی، دنیا میں اسٹریٹیجک استحکام کی نابودی کا باعث بن رہی ہے۔روس کی مسلح افواج کے سربراہ کے  بقول امریکی حکام ہتھیاروں کے کنٹرول کے سلسلے میں تمام معاہدوں سے بچنے کی کوشش کر رہے ہیں اور ان کے اس اقدام کا عالمی سلامتی کے لئے اچھا نتیجہ برآمد نہیں ہو گا۔ انھوں نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ امریکہ کی سرکردگی میں  نام نہاد داعش مخالف مغربی اتحاد کا شام پر حملہ اس ملک میں تقریبا تین ہزارعام شہریوں کے قتل عام کا باعث بنا۔روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے بھی ماسکو سیکورٹی کانفرنس کے نام اپنے پیغام میں  کہا ہے کہ بین الاقوامی سطح پر امریکہ کا رویہ، عالمی سلامتی کے لئے خطرہ ہے۔انھوں نے کہا کہ امریکہ کا رویہ، امن کو تباہ کر رہا ہے اور وہ مختلف ملکوں پر سیاسی و اقتصادی دباؤ ڈال رہا ہے جبکہ اس کا یہ اقدام، بین الاقوامی قوانین کے منافی ہے۔

روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے بھی اس کانفرنس میں اپنی تقریر میں کہا کہ علاقائی و عالمی سلامتی، ایسے ملکوں کے مقاصد کے حصول کی بھینٹ چڑھی ہوئی ہے جو اقوام متحدہ کے منشور کی بنیاد پر چند قطبی نظام کے تعلق سے حقائق کو تسلیم کرنے کے بجائے کسی بھی صورت میں دیگر ملکوں پر تسلط قائم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا کہ ایران سے متعلق بین الاقوامی ایٹمی معاہدے اور اسی طرح روس سے متعلق آئی این ایف معاہدے سے باہر نکلنے جیسے امریکی اقدامات، مکمل طور پر غیر ذمہ دارانہ ہیں۔

ٹیگس