May ۲۳, ۲۰۲۰ ۱۰:۰۹ Asia/Tehran
  • ہندوستان اور پاکستان میں بھی یوم قدس منایا گیا

دنیا کے مختلف ممالک کی طرح ہندوستان اور پاکستان میں بھی یوم قدس منایا گیا اور حریت پسندوں نے مختلف شکلوں میں فلسطینی قوم کے ساتھ اظہار یکجہتی کا اعلان کیا۔

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں من جملہ کراچی، لاہور، پاراچنار، ملتان اور حیدرآباد میں یوم القدس کی ریلیاں نکالی گئیں۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، مجلس وحدت مسلمین، شیعہ علماء کونسل اور ملی یکجہتی کونسل کے زیر اہتمام نکالی جانے والی ریلیوں میں ایس او پیز پر پوری طرح عمل کرتے ہوئے شرکاء نے ضروری فاصلہ برقرار رکھا۔ ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیل اور امریکہ کے خلاف نعرے درج تھے۔

ریلی کے شرکاء نے استکباری قوتوں کے خلاف فلک شگاف نعرے بھی لگائے۔ اس موقع پر امریکی صدر ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے پتلے بھی نذر آتش کیے گئے۔

ریلی میں شریک روزہ داروں نے خمینی بت شکن کے حکم پر لبیک کہتے ہوئے امریکا اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرہ بازی کی اور فلسطین کی مظلوم قوم کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ اس موقع پر پاکستانی فوج پولیس اور دیگر سیکورٹی اداروں کے ساتھ ساتھ رضا کاروں نے بھی سخت حفاظتی انتظامات کر رکھے تھے اور علاقے میں موبائل سروس بھی بند کر دی گئی تھی۔

ادھر ہندوستان میں کورونا وائرس کے پیش نظر ملک گیر لاک ڈاؤن کے سبب یوم قدس کی ریلیوں کی تو اطلاعات موصول نہیں ہوئیں مگر فلسطین اور بیت المقدس سے عقیدت رکھنے والوں نے سوشل میڈیا پر اپنے جذبات و احساسات کا اظہار کرتے ہوئے فلسطینی قوم کے خلاف صیہونی مظالم کی بھر پور مذمت کی اور آن لائن اجتماعات کی شکل میں اپنے انسانی، اخلاقی اور سیاسی فریضے کو ادا کیا۔

ٹیگس