Sep ۰۸, ۲۰۲۰ ۱۱:۴۴ Asia/Tehran
  • امریکہ میں 24 گھنٹوں کے دوران 2 طیارے تباہ, پائلٹ سمیت 6 ہلاک

امریکہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 طیارے گر کر تباہ ہو گئے جس کی وجہ سے پائلٹ سمیت 6 افراد ہلاک ہو گئے۔

امریکی ریاست آرکنساس میں مسافر بردار طیارہ گر کر تبا ہوگیا جس کے نتیجے میں طیارے میں موجود چاروں افراد ہلاک ہو گئے۔

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق آرکنساس سے جنوبی کیرولینا کی جانب پرواز کرنے والے چھوٹے طیارے کو موسم کی خرابی کی وجہ سے راستہ تبدیل کرنا پڑا تھا تاہم فائیٹویل کے اوپر سے پرواز کے دوران طیارہ ہچکولے کھانے لگا اور گر کر تباہ ہو گیا۔

کنٹرول ٹاور نے طیارے کے لاپتہ ہونے اور بعد ازاں زمیں بوس ہونے کی اطلاع دی۔ پوری رات سرچ آپریشن کے بعد ریسکیو اداروں کو اگلی صبح طیارے کا ملبہ ایک جنگلی علاقے میں مل گیا جس میں سے چار لاشیں نکالی گئی ہیں۔ چاروں ایک ہی خاندان کے افراد ہیں۔

اس سے قبل امریکی ریاست کیلی فورنیا میں مسافر بردار چھوٹا طیارہ سیکوئیا نیشنل پارک میں گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں پائلٹ اور ایک مسافر ہلاک ہو گئے تھے۔

بیچ کرافٹ بی ای 35 بوننزا نے ویسالیا ایئرپورٹ سے نیڈلز ہوائی اڈے کے لیے پرواز بھری تھی تاہم کچھ ہی دیر بعد طیارہ ہچکولے کھاتے ہوئے سیقوئیا نیشل پارک میں گر کر تباہ ہوگیا۔

ریسکیو ادارے نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے طیارے کے ملبے سے دو افراد کی لاشیں نکالی ہیں جن میں سے ایک پائلٹ ہے تاہم ہلاک ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

حادثے کی وجہ کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے، فیڈرل ایوی ایشن کی جانب سے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔ طیارے میں آگ لگنے کی وجہ سے نیشنل پارک کو عوام کے لیے بند کردیا گیا۔

ٹیگس