سرگئی لاؤروف کو جان کیری کا انتباہ
Sep ۱۰, ۲۰۱۵ ۱۱:۲۱ Asia/Tehran
امریکی وزیر خارجہ نے روسی وزیر خارجہ کو خبردار کیا ہے کہ شام میں روس کی فوجی موجودگی میں اضافہ، اس عرب ملک میں برسوں تک کشیدگی پھیلاتا رہے گا۔
پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے بدھ کو روسی وزیرخارجہ سرگئی لاؤروف سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن کو شام میں روسی فوج کے اقدامات پر تشویش ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر روس، اس عرب ملک میں اپنی فوجی موجودگی جاری رکھے گا تو بقول ان کے شام میں تشدد اور بدامنی بڑھتی رہے گی اور اس ملک میں عدم استحکام پھیل جائے گا-
امریکی وزیر خارجہ جان کیری کا یہ بیان ایسے عالم میں سامنے آیا ہے کہ جب روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارف نے کہا ہے کہ شام میں روس کے فوجی ماہرین کی موجودگی کا مقصد، اسے دیئے جانے والے فوجی وسائل اور سسٹم کے صحیح استعمال کی تربیت فراہم کرنا ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ دمشق حکومت کے ساتھ معاہدے کے مطابق روس، ایک عرصے سے شام کو فوجی ساز و سامان فروخت کر رہا ہے-
دوسری جانب روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف نے بدھ کو اس ٹیلی فونی گفتگو میں ایک بار پھر ان دہشت گردوں کے خلاف جنگ کے لئے تعاون کی ضرورت پر تاکید کی ہے جنھوں نے شام کے ایک بڑے علاقے پر قبضہ کر رکھا ہے اور امن عالم کے لئے خطرہ بنے ہوئے ہیں-