تہران میں نینو اور جدید ٹیکنالوجی کی نمائش کا آغاز
چار روزہ نمائش میں 150 سے زائد نینو کمپنیاں اور 80 جدید ٹیکنالوجی مصنوعات پیش کی جائیں گی، محققین، طلبا اور سرمایہ کاروں کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔
سحرنیوز/سائنس/ٹیکنالوجی: ایران کے دارالحکومت تہران میں 16ویں بین الاقوامی نینو ٹیکنالوجی اور پہلی ایڈوانسڈ ٹیکنالوجی نمائش کا آغاز ہو گیا۔ افتتاحی تقریب میں نائب صدر برائے سائنس، ٹیکنالوجی و نالج بیسڈ اکانومی حسین افشین اور نینو و مائیکرو ٹیکنالوجی ہیڈکوارٹر کے سیکریٹری عماد احمدوند نے شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق، چار روزہ نمائش 2 سے 5 نومبر تک جاری رہے گی جس میں 150 سے زائد نینو کمپنیاں اپنی جدید مصنوعات پیش کر رہی ہیں جبکہ ایڈوانسڈ ٹیکنالوجی نمائش میں 80 سے زائد تکنیکی مصنوعات شامل ہیں۔
ماہرین کے مطابق یہ نمائش ایران میں سائنسی و صنعتی ترقی کے دو دہائیوں پر محیط سفر کی عکاسی کرتی ہے اور محققین، طلبا اور سرمایہ کاروں کے لیے نئے مواقع فراہم کرے گی۔
گزشتہ پندرہ ایڈیشنز میں ایک ہزار سے زائد کمپنیاں شریک ہوچکی ہیں اور سینکڑوں نینو مصنوعات متعارف کرا کے تجارتی سطح پر کامیابی حاصل کرچکی ہیں۔ موجودہ نمائش بھی ملکی و غیر ملکی سطح پر تعاون اور سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھولنے کا باعث بنے گی۔