عالمی یوم قدس کی آمد کے موقع پراسرائیلی جرائم پراقوام متحدہ کا ردعمل
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون منگل کو غزہ کا دورہ کر رہے ہیں- یہ دورہ عالمی یوم قدس کی آمد کے موقع پر انجام پا رہا ہے-
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے غزہ کے دورے کے موقع پر ایک بار پھرغزہ کا محاصرہ اور فلسطینی علاقوں پر اسرائیل کی تسلط پسندیاں جاری رکھنے پر اقوام متحدہ کی مخالفت پر تاکید کی-
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے پیر کو مقبوضہ فلسطین کے دورے کے موقع پر کھل کرکہا تھا کہ فلسطینوں کی زندگی پراسرائیل کی جانب سے فلسطینی علاقوں پر قبضے کے تباہ کن اثرات مرتب ہوئے ہیں- اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے صیہونی صدر روون ریولین سے ملاقات کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فلسطین پر صیہونی حکومت کے قبضے اوراس کے جاری رہنے پر تنقید کی-
یہ ایسی حالت میں ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بھی ملت فلسطین کے خلاف صیہونی دشمن کی جارحیت کا سلسلہ روکے جانے کا مطالبہ کیا ہے-
انسانی حقوق برائے فلسطین کے امور میں اقوام متحدہ کے سابق خصوصی رپورٹر رچرڈ فولک نے بھی عالمی یوم قدس کو صیہونی حکومت کے خلاف ملت فلسطین کے ساتھ یکجہتی کا دن قرار دیا ہے-
انسانی حقوق برائے فلسطین کے امور میں اقوام متحدہ کے سابق خصوصی رپورٹر نے عالمی یوم قدس کی آمد کی مناسبت سے پیر کو کہا کہ عالمی یوم قدس، خاص طور پرعالم اسلام میں فلسطینیوں کی جدوجہد کے ساتھ عوامی یکجہتی کے اظہار کا ایک راستہ اور قدس میں اسرائیل کے غاصبانہ قبضے کے خلاف استقامت اور صیہونی حکومت نیز اس کی توسیع پسندی کے خلاف نفرت و بیزاری کے اظہار کا دن ہے-
رچرڈ فالک نے عالمی یوم قدس پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ اس طرح کے دن ، ان فلسطینی عوام کی بھرپور حمایت حاصل کرنے کے وسیلے کے عنوان سے اور ان کی حتمی کامیابی کے لئے بہت اہم ہیں کہ جو دسیوں برس سے مہاجرت و در بدری کے المناک نتائج، اپنے جائز حقوق چھین لئے جانے، ظالمانہ قبضے اور استحصال کے ساتھ زندگی بسر کر رہے ہیں اور تکلیف و اذیت سے دوچار ہیں-
قابل ذکر ہے کہ بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) نے ماہ مبارک رمضان کے آخری جمعے کو عالمی یوم قدس قرار دیا ہے - یوم قدس دنیا، بالخصوص مسلمانوں کے لئے صیہونی حکومت کی نسل پرستانہ پالیسیوں سے نفرت و بیزاری کے اظہار کا مناسب موقع ہے-
اس میں کوئی شک نہیں کہ ان حالات میں عالمی یوم قدس کے انعقاد نے، اسرائیل کے تسلط کے مقابلے میں استقامت کے لئے فلسطینیوں کا حوصلہ بڑھانے کے ساتھ ہی ، فلسطین کے موضوع کو عام توجہ کا مرکز بنا دیا ہے-
دنیا کے مختلف علاقوں میں عالمی یوم قدس کے عظیم الشان انعقاد نے اس نظریے کے صحیح ہونے کو مزید نمایاں کر دیا ہے کہ بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) نے فلسطین کے عوام کی حمایت کے لئے عالمی برادری کے اندر نئی روح پھونکی ہے اور فلسطین کے سلسلے میں عالمی برادری کی برسوں سے جاری پسپائی کا سلسلہ ختم کر دیا ہے-
اس میں کوئی شک نہیں کہ بانی انقلاب اسلامی کا جدت عمل اس بات کا باعث بنا کہ پوری دنیا پہلے سے زیادہ صیہونی حکومت کے مجرمانہ اقدامات اور خطرات کی جانب متوجہ ہو- عالمی یوم قدس صیہونیت مخالف احتجاجات کی تاریخ میں سنگ میل اور فلسطینی عوام کی حمایت میں عالمی کوشش شمار ہوتا ہے اورعالمی یوم قدس جیسی مناسبتوں اور مواقع سے جنم لینے والی عالمی تحریکوں کے بعد فلسطینیوں کے حقوق کے سلسلے میں اقوام متحدہ کا حالیہ برسوں کا رویہ ، اس طرح کے دنوں کے ہی ثمرات میں شمار ہوتا ہے۔