موصل کے شہر تلعفر کی آزادی، داعش کے لئے خطرے کی گھنٹی
عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی نے موصل کی آزادی کی کاروائی کے دوران اسٹریٹیجک کامیابی حاصل کرتے ہوئے، ترک نشیں علاقے تلعفر کے فوجی ایئرپورٹ کو داعشیوں کے قبضے سے آزاد کرالیا ہے-
عراق کی عوامی رضاکار فورس نے بدھ کوکامیاب کاروائی کرتے ہوئے، مغربی موصل کے شہر تلعفر کے فوجی ایئرپورٹ کو داعش کے قبضے سے آزاد کرالیا ہے- عراق کی عوامی رضاکار فورس کے ایک ترجمان جعفر حسینی نے روئٹرز کے ساتھ گفتگو میں کہا کہ داعش کے عناصر تلعفر ایئرپورٹ سے خارج ہوگئے ہیں اور وہ شہر تلعفر کی جانب پسپائی اختیار کرگئے ہیں-
عوامی رضاکار فورس نے اس کاروائی میں ایئرپورٹ کے نزدیک واقع " تلالرمج " اور " تلشیان " علاقوں کو، نیز تلعفر کے مشرق میں واقع " تلالصوبان " دیہات پر بھی کنٹرول حاصل کرلیا ہے-
تلعفر ایئر پورٹ کو داعش کے قبضے سے واپس لینے میں عوامی رضاکار فورس کی کامیابی، اس اسٹریٹیجک شہر کی آزادی کا پیش خیمہ ہے جو عراق و شام میں داعشی دہشت گردوں کے درمیان باہمی رابطے کی حیثیت رکھتا ہے - تلعفر کو آزاد کرانے کی کاروائی میں عوامی رضاکار فورس کا کردار اہم اور اسٹریٹیجک ہے اور اسی سبب سے اس سلسلے میں سیاسی حساسیت پائی جاتی ہے-
امریکہ کی ہمراہی میں ترکی سمیت علاقے کے بعض ممالک ، موصل کی آزادی کی کاروائی میں عوامی رضاکار فورس کا کردار ادا کرنے کے مخالف ہیں اور علاقائی تحفظات، عوامی رضاکار فورس کے اقدامات پرکڑی نظر رکھنے کا سبب بنے ہیں- اس سے قبل ترکی نے خبردار کیا تھا کہ اگر الحشد الشعبی شہر تلعفر میں داخل ہوجاتی ہے تو اسے سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا- یہ ایسا موقف ہے جو عراق کے امور میں مداخلت اور عراق کی عوامی رضاکار فورس سے دشمنی کے مترادف ہے کہ جو داعش کے ساتھ جنگ میں فرنٹ لائن پر ہے-
عراق کے اسٹریٹیجک شہر تلعفر میں داعشیوں کی وسیع موجودگی نے اس شہر کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کردیا ہے- تلعفر کے اسٹریٹجک شہر میں عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی کامیابی، موصل میں داعش کی تمام چال بازیوں کو سلب کرلے گی- یہ شہر شام میں موجود داعش دہشت گردوں کو ہتھیار فراہم کئے جانے کا ذریعہ ہے-
داعش کے لئے شہر تلعفرکی اسٹریٹیجک پوزیشن اس بات کا سبب بنی ہے کہ اس اہم شہر پر نگاہیں مرکوز ہوجائیں اور حشد الشعبی کے اقدامات پر ماضی سے زیادہ نظر رکھی جائے- یہ ایسی حالت میں ہے کہ حشد الشعبی ایک عوامی رضاکار فورس ہے جو منظم ہے اور عراق کی مسلح افواج کی کمان کے زیر نظر ہے - داعش کے ساتھ جنگ میں الحشد الشعبی کا کردار اسٹریٹیجک اور فیصلہ کن ہے اور داعش سے تلعفر ایئرپورٹ کو واپس لینا پورے تلعفر شہر کو واپس لینے کا پیش خیمہ ثابت ہوگا-
عوامی رضاکار فورس نے موصل کے مختلف علاقوں کو آزاد کرانے کے لئے انسانی بنیادوں پر اہم اقدامات کئے ہیں اور مختلف اقوام کے افراد تک امداد پہنچانے کواخلاقی اصول کے طور پر اپنے ایجنڈے میں شامل کیا ہے- داعش سے جنگ کے سبب اس عوامی فورس پر فرقہ واریت کا الزام عائد کیا جا رہا ہے جبکہ اس فورس میں سنی ، شیعہ ، کرد اور ترکمن سبھی شامل ہیں اور ان کے درمیان کوئی فرق نہیں ہے اور اس عوامی فورس کی کارکردگی کی بنیاد، عوامی مفادات ہیں-
واضح رہے کہ عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی دوہزار چودہ میں شہر موصل میں داعش کے قبضے کے بعد، اس دہشت گرد گروہ سے مقابلے کے لئے شیعوں کے عظیم مرجع تقلید آیۃ اللہ العظمی سیستانی کی درخواست پر وجود میں آئی اور اس وقت اس ملک کی مسلح افواج کی کمان میں فوجی کاروائیوں میں حصہ لے رہی ہے-