Apr ۲۰, ۲۰۱۷ ۱۱:۵۹ Asia/Tehran
  • وسیع، پرامن اور صحت مند انتخابات کرائے جائیں : رہبر انقلاب اسلامی

رہبرانقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے بدھ کو مسلح افواج کی چارگانہ فورسز کے یونٹوں اور کمانڈروں سے ملاقات میں دشمن کے مقابلے میں ڈٹ جانے کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے آنے والے انتخابات کے بارے میں بھی اہم ارشادات فرمائے۔ آپ نے فرمایا کہ نظام اسلامی کو محفوظ رکھنا نہایت تقدیر ساز ہے۔

رہبرانقلاب اسلامی نے اس ملاقات میں جو روز مسلح افواج کی مناسبت سے انجام پائی تھی انیس مئی کو ہونے والے صدارتی انتخابات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ اسلامی جمہوریہ ایران میں انتخابات دینی جمہوریت کی نشانی ہیں اور عزت و افتخار اور طاقت و سربلندی کا سبب ہیں۔ آپ نے فرمایا کہ عوام، حکام اور انتخابات میں حصہ لینے والے افراد انتخابات کی قدر جانیں اور پر جوش و جذبے سے بھرے بانشاط اور صحت مند اور پرامن اور وسیع انتخابات کی زمین ہموار کریں۔

ایران میں تقریبا ایک ماہ کے بعد بارھویں صدارتی انتخابات ہونے والے ہیں، ان انتخابات کے لئے ابھی سے سیاسی بالغ نظری رکھنے والے ایرانی عوام میں جوش وجذبہ دیکھا جاسکتا ہے۔ صحت مند اور جوش و ولولے سے بھرے انتخابات میں حصہ لینا سیاسی پہلو کے علاوہ اسلامی نظام کی قانونی شان و مقبولیت بھی ظاہر کرتا ہے اورطاقت کے دوسرے عناصر کے ہمراہ  طاقت کے ایک اور عنصر کے طور پر دشمن کے سامنے ایران کی ڈیٹیرینٹ توانائی کو مزید بڑھاتا ہے۔

انتخابات عوام کی شرکت کا عینی اور حقیقی سیاسی میدان ہے اور عوام کی یہی موجودگی اور اپنی اور اپنے اسلامی نظام کی تقدیر کے بارے میں فیصلہ کرنا تسلط پسند طاقتوں کے مقابل ڈٹ جانے کا ایک اہم اصول ہے۔ انتخابات میں عوام براہ راست طریقے سے اسلامی جمہوریہ ایران سے اپنے رشتہ کو ظاہر کرتے ہیں۔ انتخابات آنے ہی والے ہیں اور ان انتخابات میں بھی عوام کی بھرپور شرکت سےاسلامی  جمہوری  نظام کو عظیم پشت پناہی حاصل ہوگی۔

ایران میں گذشتہ انتخابات کے تجربوں سے واضح ہوتا ہے کہ انتخابات ملت ایران کی عزت، طاقت اور سربلندی کا باعث رہے ہیں اور اسلامی جمہوریت کے قالب میں نظام  قائم ہوا ہے۔ اس ماڈل کے دائرے میں صحت مند اور پر نشاط انتخابات مد نظر ہیں جن کو منعقد کرانے کے طریقہ ہائے کار آئین اور انتخابات کے قانون میں بیان کئے گئے ہیں۔صدارتی انتخابات میں مختلف طرح کی نگرانیاں دیکھنے کو ملتی ہیں جو  نگہبان کونسل کا فریضہ ہیں ۔

اس کے علاوہ وزات داخلہ کی کمیٹیاں بھی نگرانی کرتی ہیں۔ یہ سلسلہ انتخابات میں حصہ لینے والے افراد کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے ووٹوں کی گنتی کے مکمل ہونے تک نظر آتا ہے اور اس سے پتہ چلتا ہے کہ ایران میں صحت مند انتخابات کی کتنی اہمیت ہے اور اس پر رہبرانقلاب اسلامی نے ہمیشہ سے توجہ اور تاکید فرمائی ہے۔ رہبرانقلاب اسلامی کی تعبیر کے مطابق تمام عوام، نامزدوں اور حکومت اور انتخابات کا انتظام سنبھالنے والوں کو انتخابات کی قدر کرنی چاہیے اور نہایت وسیع، جوش و جذبےکے ساتھ اور پرنشاط اور صحت مند اور پرامن انتخابات کروانا چاہیے کیونکہ یہ اسلامی جمہوریہ ایران کے لئے ایک ذخیرہ اور اس کی حفاظت کرتے ہیں۔

ان حالات میں دشمن بھرپور کوشش کررہا ہے کہ انتخابات میں خلل ڈالے اور ہمیشہ یہ مشکلات پیدا کرتا رہتا ہے لیکن جس طرح سے کہ رہبرانقلاب اسلامی نے مسلح افواج کے کمانڈروں سے ملاقات میں فرمایا ہے کہ ملت ایران اپنی بیداری اور ہوشیاری سے ہمیشہ یہ ثابت کردیتی ہےکہ وہ ڈٹ کر دشمن کا مقابلہ کرے گی۔ ایرانی عوام اپنے دانشمندانہ اور انقلابی اقدامات سے دوہزار نو کے صدارتی انتخابات کے موقع پر ہونے والے جیسے فتنوں کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دے گی اور امریکہ اور برطانیہ کی تخریبکارانہ اقدامات کو جوانہوں نے ایران میں انتخابات کو غیر شفاف ظاہر کرنے کے لئے انجام دئے تھے ناکام بنادیا تھا۔

ایران کے عوام ایک بار پھر آگہی اور بصیرت سے انتخابات کے دن اھل عالم بالخصوص دشمنوں کو دو پیغام دیں گے۔ پہلا یہ کہ وہ انتخابات میں بھرپور شرکت سے دنیا والوں کو یہ بتادیں گے وہ اپنے براہ راست ووٹ سے صالح اور اہل فرد کے ہاتھوں میں اپنے ملک کی باگ ڈور دیں گے اور بطور کلی ملک کے اصلی عناصر کا انتخاب کریں گے۔ دوسرے یہ کہ انتخابات میں عوام کی باشکوہ شرکت ان کے نزدیک اسلامی جمہوریہ نظام کو قانونی حیثیت اور مقبولیت دیتی ہے اور دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

ٹیگس