حج رہبر انقلاب اسلامی کی نظر میں
ایرانی عازمین حج کے سرپرست اور محکمہ حج کے عہدیداروں نے منگل کو رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی -
رہبرانقلاب اسلامی نے اس موقع پر اپنے خطاب میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مقابلے میں انواع و اقسام کے تشہیراتی وسائل و ذرائع سے لیس ایک بہت ہی خطرناک اور سرگرم تشہیراتی محاذ کی موجودگی کا ذکرکرتے ہوئے فرمایا کہ اسلامی نظام ، اس محاذ کے خلاف استقامت اور اس کا توڑ کرنے کے لئے بے شمار استعداد اور توانائیوں کا مالک ہے اور اس خطرناک محاذ کا مقابلہ کرنے کا راستہ لوگوں کو حقائق سے باخبر کرنا اور صحیح وسرگرم تبلیغی اور تشہیراتی روش سے استفادہ اور مقابل فریق پر صحیح طریقے سے تشہیراتی وار کرنا ہے اور حج اس اقدام کے لئےایک اصلی اور بنیادی مرکز ہے -
رہبرانقلاب اسلامی نے حج کے دوران لوگوں سے ایران کے رابطے کی صلاحیتوں اور سرگرمیوں کو بند یا محدود کردیئے جانے منجملہ دعائے کمیل اور مشرکین سے برائت کے اجتماعات اور اسی طرح تبلیغی سیمیناروں اور کانفرنسوں کو ختم یا انہیں محدود کردینے پر مبنی اقدامات کو اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف سعودی حکومت کا ہتھکنڈہ قرار دیا اور فرمایا کہ آج عالم اسلام میں بے شمار مفکرین اور دانشور ایسے ہیں جو اسلامی جمہوریہ ایران کی زبان سے حقیقت سننے کو بے تاب ہیں - بنابریں سامراج کی مخالفت ، مغرب کی ماہیت کو افشا کرنے ، دشمنان اسلام سے برائت و بیزاری کے عمل اور دعائے کمیل کے اعلی مضامین کو گہری ادبیات اور زبان و بیان نیز محکم استدلال کے ذریعے جدیدترین تشہیراتی اور تبلیغاتی وسائل سے دنیا والوں تک منتقل کرنے کی ضرورت ہے -
اس موقع پرآپ نے فرمایا کہ حج جیسے سنہری موقع کے ذریعے سے ایران مخالف خطرناک پروپگنڈے کے محاذ سے سختی سے نمٹنا ہوگا- رہبر اسلامی انقلاب 'آیت اللہ العظمی خامنہ ای' نے ایران کے خلاف پروپگنڈے میں ملوث بین الاقوامی محاذ کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا ہے کہ اس خطرناک محاذ سے نمٹنے کے لئے موثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے اور حج ایسے اقدامات کے لئے سنہری موقع ہے. رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا ہے کہ دشمن ایرانی عوام کو جہاد و شہادت کے راستے سے منحرف کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ایسے میں انقلابی مفاہیم کی جانب نوجوانوں کی بڑی تعداد کے دلوں کا مجذوب ہونا ایک حیرت انگیز بات ہے-
رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے منگل کو پاسبان حرم شہید محسن حججی کے اہل خانہ سے بھی ملاقات میں اس شہید والا مقام کو اللہ کی نشانی اور مظلوم و سربریدہ شہدا کا ترجمان قراردیا - آپ نے شہید محسن حججی کے جلوس جنازہ میں لوگوں کی غیر معمولی اور تاریخی شرکت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ خداوندعالم نے شہید محسن حججی کی مجاہدت کی وجہ سے ایرانی عوام کو سرخرو اور سربلند کیا اور انہیں نوجوان انقلابی نسل کی علامت اور اسلامی انقلاب کا ایک اور معجزہ قراردیا-
رہبرانقلاب اسلامی نے شہید حججی کی اس تصویر پر جو ان کی گرفتاری کے وقت کی ہے یہ جملے بھی تحریر فرمائے کہ حق کا درود و سلام ہو اس پرافتخار اور سرافراز شہید پر جو اپنی زندگی کے انتہائی حساس اور سنگین مرحلے میں روبہ زوال باطل کے مقابلے میں حق کی آشکارا فتح کی علامت بن گیا، اللہ کا سلام ہو اس پر جس نے مخلصانہ جہاد اورمظلومانہ شہادت کے ذریعے خود کو اور پوری قوم کو سربلند کردیا - واضح رہے کہ مدافع حرم محسن حججی کو گذشتہ نو اگست کو داعش کے دہشت گردوں نے شام اورعراق کی سرحد کے قریب گرفتار کرکے انتہائی بے دردی کے ساتھ شہید کردیا تھا-
اس وقت جو چیز امت مسلمہ اور دینی اقدار کے لئے خطرہ بنی ہوئی ہے ، اسلام کے نام پر تشدد اور تفرقہ پھیلانا ہے- اور ایام حج میں ملت ایران، دشمن شناسی اور اتحاد و وحدت کے اپنے تجربے منتقل کرنے کے ذریعے اس پروپگنڈے کو ناکام بناسکتی ہے-البتہ حج کے ایام میں قوموں کے مفید تجربوں کو ایک دوسرے تک منتقل کرنے کی مخالفت کرنے والے بھی ہیں، جیسا کہ رہبرانقلاب اسلامی نے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف منفی پروپیگنڈوں کی یلغارکے ماحول میں مخاطبین کے ذہن میں ابہام کو ایک فطری امر قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ حج کے دوران سعودی حکام نے انتہائی بے شرمی اور بے حیائی کا مظاہرہ کرکے ٹیلی ویژن پر آکر اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف باتیں کیں، نتیجے میں دنیا کے دیگر ملکوں کے عام شہریوں کے ذہنوں میں یہ باتیں شکوک و شبہات پیدا کرتی ہیں لیکن لوگوں سے رابطہ برقرارکرکے اس قسم کی ذہنیت اور ابہامات کو دورکیجئے اور مقابل فریق کے حصار کو توڑیئے-