Dec ۲۸, ۲۰۱۷ ۱۷:۳۳ Asia/Tehran
  • رہبر انقلاب اسلامی کے نقطہ نظر سے امریکہ کی حقیقی ماہیت

اسلامی تبلیغات کی کوآرڈینیشن کونسل کے ارکان نے بدھ کو رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی-

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ایرانی عوام میں مایوسی پھیلانے اور طرح طرح کے شبہات پیدا کرنے کے تعلق سے امریکا کی بلاوقفہ ناکام کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ سب کو جان لینا چاہئے کہ ماضی کی طرح آئندہ بھی اللہ کے فضل و کرم سے مجرم امریکہ اور اس کے آلہ کاروں کو ذلیل و خوار کریں گے۔ اور حکام کی روز افزوں کوششوں کے ذریعے عوام کی معاشی مشکلات کے حل کے لئے ترقی و پیشرفت اور سرافرازی کا راستہ پوری قوت و اقتدار کے ساتھ جاری رکھیں گے

امریکہ کی استکباری ماہیت ایرانی قوم کے لئے بارہا پایۂ ثبوت کو پہنچ چکی ہے لیکن اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ رہبر انقلاب اسلامی نے بدھ کے روز اپنے بیان میں امریکہ کی حقیقی ماہیت کو جس طرح بیان کیا ہے اسے علاقے میں امریکہ کے شیطنت آمیز اہداف کے مقابلے میں ٹھوس انتباہ سمجھنا چاہئے۔ اس سلسلے میں چند بنیادی نکات پر رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے بیان میں تاکید کی ہے جس سے علاقے میں امریکہ کے طویل المدت منصوبے کے تعلق سے مکمل طور پر ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے-

پہلا نکتہ اس حقیقت کا بیان ہے کہ امریکی حکام ظاہری دعووں کے برخلاف کبھی بھی علاقے میں دہشت گردی کی بیخ کنی کرنے کے درپے نہیں رہے ہیں- امریکہ نے داعش اور تکفیری دہشت گردوں کی حمایت کرکے اور آل سعود جیسے ظالم اور ڈکٹیٹر حکمرانوں کی حمایت کرکے نیز صیہونی جارحین اور ان جارحین کی حمایت کرکے جو ہر روز یمنی عوام کو خاک و خون میں غلطاں کر رہے ہیں ،اپنی پست و پلید ماہیت کو ظاہر کردیا ہے-

دوسرا نکتہ اس حقیقت کو بیان کر رہا ہے کہ امریکہ ہمیشہ اسلامی ملکوں اور خاص طور پر اسلامی جمہوری نظام کا،  جو تسلط پسند نظام سے رہائی دلانے والا ملک ہے، مخالف رہا ہے۔

تیسرا نکتہ ترقی و پیشرفت کے ساتھ ساتھ امن و سلامتی پر تاکید ہے کہ  جو نہ صرف اسلامی جمہوری نظام کے لئے بلکہ تمام خودمختار ملکوں کے لئے اسٹریٹیجک اہمیت کا حامل ہے-

امریکہ کا حقیقی مقصد ، اندرونی اختلافات اور تفرقے پیدا کرنے کے ذریعے خودساختہ بحرانوں میں علاقے کی قوموں کو آپس میں الجھانا ہے اور ساتھ ہی فتنہ برپا کرنے اور اندرون ملک بغاوت کی کوشش جاری رکھے ہوئے ہے۔ یہی سبب ہے کہ رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے بیان میں فرمایا کہ 9 دی مطابق تیس دسمبر کی تاریخ اپنی پوری عظمت کے ساتھ اس طرح کے اقدامات کا جواب دینے کے لئے ایرانی عوام کی جانب سے منھ توڑ جواب ، اور انقلابی و دینی اقدار کا بہترین دفاع تھا، البتہ آج بھی ایرانی عوام اپنے انقلابی اور دینی اقدار کے دفاع میں پوری طرح ثابت قدم ہیں-

رہبر انقلاب اسلامی کے بیانات درحقیقت علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر امریکی اہداف کی قلعی کھولنے والے ہیں کہ جن سے علاقے اور دنیا کی اقوام کی بہت سی مشکلات کی اہم وجہ سب پر عیاں ہوجاتی ہے- امریکہ کے مشہور سیاستداں اور نظریہ پرداز نوام چامسکی امریکی حکام کے بیانات پر تنقید کرتے ہوئے کہتے ہیں امریکہ ، ایران کو امن و صلح کے ل‏‏ئے سب سے بڑا خطرہ سمجھتا ہے، جبکہ دنیا اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ امریکہ خود عالمی امن و سلامتی کے لئے سب سے بڑا خطرہ ہے۔  

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ایران میں سیاسی، مذہبی، قومی اور لسانی اختلافات پیدا کرنے کے لئے امریکا کے ذریعے بے پناہ دولت خرچ کرنے اور اس کے پیچیدہ منصوبوں کو لاحاصل اور ناکام بتاتے ہوئے فرمایا کہ اللہ کی مدد و نصرت سے ایران کا اسلامی نظام اور ایرانی عوام تمام میدانوں میں امریکا کو مایوس اور ذلیل و رسوا کریں گے- رہبر انقلاب اسلامی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ اسلامی جمہوریہ ایران روز افزوں قوت و طاقت کے ساتھ اپنی ترقی و پیشرفت کا راستہ جاری رکھے گا، فرمایا کہ ترقی وپیشرفت کا یہ عمل اور راستہ امریکا کے موجودہ صدر کے دور میں بھی جاری رہے گا اور اسلامی جمہوریہ ایران کے کمزور ہونے یا میدان سے خارج ہو جانے کا ان کا ارمان کبھی بھی پورا نہیں ہو سکے گا اور مایوسی کا یہ نشان ان کے سینے پر باقی رہے گا-

بلاشبہ جیسا کہ رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا ہے کہ امریکہ نے ایران میں  سیاسی ، مذہبی، قومی و لسانی اختلافات پیدا کرنے کے مقصد سے بھاری رقم خرچ کی اور پیچیدہ منصوبے تیار کئے تاہم وہ سب بے فائدہ اور شکست خوردہ رہے ہیں اور آئندہ بھی رہیں گے۔ ایرانی قوم نے  دشمن کی طرف سے اقتصادی پابندیوں کے باوجود ہر شعبہ میں خاطر خواہ ترقی اور پیشرفت کا مظاہرہ کیا ہے اور ہم مزاحمتی اقتصادی پالیسیوں پر عمل کرکے اقتصادی میدان میں بھی دشمن کی سازشوں کو ناکام بنا سکتے ہیں۔ 

ٹیگس