جدیدترین کوثر جنگی طیارے کی پرواز اپنی مقامی طاقت کا مظاہرہ
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ ایران کی دفاعی آمادگی کا مطلب جنگ پسندی نہیں بلکہ پائدار امن پسندی ہے اور تاریخ نے ہمیں یہ درس دیا ہے کہ اگر طاقتور اور مضبوط نہ ہوں گے تو ہمیں مغلوب بنا کر دیا جائے گا-
صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے منگل کو ایرانی ساخت کے پہلے جدید ترین لڑاکا طیارے کوثر کی رونمائی کے موقع پر کہا کہ اگر ملک کی دفاعی طاقت ڈیٹرنٹ نہ ہوگی تو یہ دوسروں کو ملک پر للچائی نظریں گاڑنے کے لئے ہری جھنڈا دکھانے کے مترادف ہوگا - دفاعی طاقت کا مطلب یہ ہے کہ دشمن جب ایران کی طاقت اور دفاعی صلاحیت کا اندازہ لگائے تو اسے ممکنہ طور پر ملک کے خلاف جارحیت کو کافی مہنگا سمجھے -
اسلامی جمہوریہ ایران نے اپنی طاقت و اقتدار کے ارکان و اجزاء کو کسی ملک سے وابستہ نہیں کیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ آج چالیس برس گذرنے کے باوجود مختلف میدانوں میں پیشرفت و ترقی کی جانب گامزن ہے- دفاعی طاقت یا دوسرے لفظوں میں دفاعی صنعت، دفاعی صلاحیت کی بنیاد ہوتی ہے اور یہ مہم آج ایران کی دفاعی پالیسیوں کی ترجیحات میں شامل ہے جو بھی ملک اپنے دفاعی اخراجات جتنا نیچے لائے گا یعنی اپنی دفاعی طاقت کے لئے کسی دوسرے پر منحصر نہیں ہوگا وہ خطرات کے مقابلے میں اتنا ہی محفوظ رہے گا - جب کوئی ملک اپنی دفاعی طاقت و قدرت کی بنیاد اپنی ملکی صلاحیتوں پر رکھے گا تو دشمن اس کے خلاف کوئی بھی قدم اٹھانے سے بہلے اس کی طاقت کا اندازہ لگانے کی کوشش کرے گا اور کوئی قدم اٹھانے سے پہلے سوبار سوچے گا - لہذا اگر کسی ملک کی دفاعی طاقت کی بنیاد مقامی ہوگی اور غیرملکی بازیگروں کے اختیارمیں نہ ہوگی تو اس کے خلاف کسی بھی طرح کا حملہ و جارحیت کرنا بھی آسان نہ ہوگا اور ایران کی فوجی و دفاعی طاقت کی بنیاد چونکہ داخلی و ملکی صلاحیتوں پر استوار ہے لہذا دشمن کے اندر ایران کے خلاف آسانی سے کسی طرح کی مہم جوئی کی ہمت نہیں ہے - ان حالات میں ایران کی طاقت و صلاحیت نے امریکیوں کو جو کہ ایران کو ہمیشہ جنگ کی دھمکی دیتے رہتے ہیں یہ اچھی طرح سمجھا دیا ہے کہ اگر وہ ایران پر حملہ کرنے کی کوشش کریں گے تو انھیں اس کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی - اس تناظر میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے گذشتہ ہفتے پیر کو عوام کے مختلف طبقات سے خطاب کرتے ہوئے حالیہ امریکی رویے کا تجزیہ کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ فرمایا تھا کہ کوئی جنگ نہیں ہوگی کیونکہ ہم ماضی کی مانند کبھی بھی جنگ شروع نہیں کریں گے اور امریکی بھی حملہ شروع نہیں کریں گے کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ یہ ان کے سو فیصد نقصان میں ہوگا اوراسلامی جمہوریہ اور ملت ایران نے پہلے بھی ثابت کردکھایا ہے کہ وہ کسی بھی جارح کو کاری ضرب لگائیں گے-
اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے طاقت کا یہ مظاہرہ حقیقت پر مبنی ہے اوراس طاقت کا انحصار کسی دوسرے پر نہیں ہے کہ جس سے ایران کے فوجی اسرار و رموز دشمنوں کو پتہ چل سکیں اور وہ مہم جوئی کے وقت آسانی سے ایران کی طاقت کا پتہ لگا کر اپنا مقصد حاصل کر لیں - ایران میں جس جنگی طیارے کی منگل کے دن رونمائی ہوئی اور پھر صدرمملکت کے فرمان کے بعد اس نے پرواز بھی انجام دی ، وہ خودمختاری و دفاعی طاقت کا مظہر ہے- ایڈوانس ایوی ایشن اور فائرکنٹرول سسٹم سے لیس کوثر فوجی طیارہ پوری طرح ایرانی ماہرین کی کاوشوں کا نتیجہ ہے کہ جس نے ایران کی دفاعی طاقت کو پہلے سے زیادہ بڑھا دیا ہے کیونکہ اس کامیابی میں غیرملکی مشیروں تک نے کوئی کردار ادا نہیں کیا ہے اور اسی اہم وجہ سے ایران کے دفاعی اخراجات میں کمی آئی ہے- کوثر جنگی طیارے کی کامیاب پرواز ایرانی فضائیہ کی طاقت کا عروج ہے اور اس سے ثابت ہوگیا کہ ایران اپنی مشکل ترین اور اسٹریٹیجک ترین دفاعی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے کسی پر انحصار نہیں کرتا چنانچہ آج ایرانی ماہرین اپنی دفاعی مصنوعات کی ڈیزاننگ اور ان کی پروڈکشن میں کسی کے محتاج نہیں ہیں-
ایران کے وزیردفاع بریگیڈیئر جنرل امیر حاتمی نے منگل کو یوم دفاعی صنعت کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا تھا کہ دفاعی صنعت اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کی گہری اسٹریٹیجی ، ملت ایران کی خود اعتمادی کی علامت اور قومی عزت و خودمختاری کے تحفظ کی ضامن ہے-