30 دسمبر، ایرانی عوام کی عزت و بصیرت اور استقامت کے مظاہرے کا دن
آج 30دسمبرہے اور ہمیں آج کی یہ تاریخ اغیار کے فتنوں کے مقابلے میں ایرانی عوام کی استقامت کی یاد دلاتی ہے۔
30 دسمبر 2009 کی عظیم الشان ملک گیر ریلیوں میں ایرانی عوام کی تاریخی اور بھرپور شرکت نے پوری دنیا پر ثابت کر دیا تھا کہ وہ اپنے انقلاب کے وفادار ہیں اور وہ جان و دل کے ساتھ اس کی حفاظت کریں گے۔ آج اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں تیس دسمبر 2009 کی سالگرہ کی مناسبت سے ریلیاں نکالی گئیں۔ تہران میں امام حسین (ع) اسکوائر پر عظیم الشان ریلی کا اہتمام کیا گیا ۔ اس ریلی سے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر جنرل حسین سلامی نے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ ایران میں 9 سال قبل رونما ہونے والے فتنہ کی وجہ سے ملک کو اقتصادی لحاظ سے بہت بڑا نقصان پہنچا ہے اور اس فتنہ کے رہنماؤں کی پیشانی پر مہر خیانت ثبت ہوچکی ہے۔ انھوں نے کہا کہ گذشتہ 40 برسوں میں ایرانی عوام نے متعدد بار اللہ تعالی کی حمایت اور نصرت کا اپنی آنکھوں سے مشاہدہ کیا ہے۔ ایرانی قوم نے 22 بہمن کو شاہ کی حکومت کا خاتمہ کرکے امریکہ کو شکست سے دوچار کیا، ایرانی قوم نے دوسرے مرحلے میں امریکی سفارتخانے سے امریکی جاسوسوں کو گرفتار کرکے باہر نکال کر امریکہ کو شکست دی، تیسرے مرحلے میں ایرانی قوم کی مدد کرتے ہوئے اللہ تعالی نے صحرائے طبس میں امریکی جہازوں کو تباہ کردیا اور ایرانی قوم کو فتح سے ہمکنار کیا ، ایرانی عوام نے چوتھے مرحلے میں اللہ کی مدد سے آٹھ سالہ مسلط کردہ جنگ میں بھی امریکہ کو شکست سے دوچار کردیا، اور ایرانی قوم نے پانچویں مرحلے میں سن 1388 ہجری شمسی میں امریکہ کے خطرناک فتنہ کو بھی ناکام بنادیا اور اس فتنہ میں ملوث افراد کی خیانت کو بھی ایرانی عوام نے برملا کردیا۔ جنرل سلامی نے کہا کہ 1388 ہجری شمسی مطابق تیس دسمبر 2009 کے فتنہ سے ملک کے اقتصاد کو کافی نقصان پہنچا ۔ جنرل سلامی نے کہا کہ آج امریکہ کو ایران کے مد مقابل ہر محاذ پر شکست کا سامنا ہے ، امریکہ مشترکہ ایٹمی معاہدے سے خارج ہوکر عالمی سطح پر تنہا ہوگیا ہے۔ امریکہ نے شام اور عراق میں اربوں ڈالر خرچ کئے لیکن اسے، اس کا کوئی نتیجہ نہیں ملا اور آج امریکہ شام سے خارج ہونے پر مجبور ہوگیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے دشمن آج مایوس ہوگئے ہیں البتہ انقلاب اسلامی کے خلاف ان کی ریشہ دوانیوں اور گھناؤنی سازشوں کا سلسلہ جاری ہے البتہ ہم دشمن کا ہر محاذ پر مقابلہ کرنے کے لئے آمادہ ہیں۔ واضح رہے کہ 30 دسمبر 2009 کی عظیم تاریخ ان شاندار اور تاریخی ریلیوں کی یاد دلاتی ہے جب ایران کے انقلابی عوام نے سڑکوں پر نکل کر معاشرے کی دینی اور سماجی اقدار توڑنے والوں اور ان فتنہ گر عناصر کو منہ توڑ جواب دیا تھا جنھوں نے ایران کے دسویں صدارتی انتخابات میں دھاندلی اور بے ضابطگیوں کے بہانے غلط راستے کا انتخاب کر لیا تھا- نو دی یا انتیس دسمبر کی تاریخ ایام اللہ کے مصادیق میں سے ہے اور ایک ایسا دن ہے جب ایرانی عوام نے بصیرت ، دشمن شناسی اور وقت شناسی کی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور دشمنوں کو دائمی اور تاریخی لحاظ سے مایوسی کاشکار بنادیا- 30 دسمبر 2009 کی ملک گیر تاریخی اور تقدیرساز ریلیوں نے ثابت کر دیا کہ وہ اسلامی انقلاب، اسلامی جمہوری نظام اور خاص طور پر ولایت فقیہ کی حمایت میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہیں اوران کا اتحاد، ولایت فقیہ پر ان کا عقیدہ اور انقلابی بصیرت، ان کی دینی تعلیمات اور اسلامی انقلاب کے پیغامات پر استوار ہے- ایران کے عوام نے تیس دسمبر دو ہزار نو کو یہ ثابت کر دیا تھا کہ کودتا یا بغاوت کا منصوبہ، تشہیراتی جنگ اور تسلط پسندانہ نظام، نیز بین الاقوامی صیہونیزم کی نفسیاتی لڑائی کا، اسلامی انقلاب کی حفاظت کے راستے میں ایرانی عوام کے عزم و ارادے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا- اسلامی جمہوریہ ایران کے بہادر و ثابت قدم عوام نے ہمیشہ اسلامی اور قرآنی تعلیمات کی تاسّی اور رہبر انقلاب اسلامی کی ہدایات و رہنمائیوں کی پیروی کرتے ہوئے اسلام اور انقلاب کے اصولوں اور اقدار کی راہ میں پائمردی کا مظاہرہ کیا ہے اور وہ آئندہ بھی دشمنوں اور فتنہ پرور عناصر کی شیطانی خواہشات کو پوری طرح کچل کر رکھ دیں گے- ہر سال کی طرح اس سال بھی ایرانی عوام نے ملک بھر میں عظیم الشان ریلیوں میں شریک ہو کردشمن،اغیاراور فتنہ پرورعناصر کو بھر پور جواب دیااوراسلامی انقلاب اور اپنے محبوب رہبر سے تجدید عہد کیا-