Jan ۱۹, ۲۰۱۹ ۱۶:۰۷ Asia/Tehran
  • ایران کی جانب سے امریکی پابندیوں کا جواب

ایسے عالم میں کہ جب امریکہ اور مغربی ذرائع ابلاغ مغربی پابندیوں کے منفی اور تخریبی پہلؤں کی بات کر رہے ہیں مختلف میدانوں خاص طور سے سائنسی شعبوں میں ایران کی روز بروز بڑھتی ہوئی پیشرفت ایران اور امریکی پابندیوں کی کچھ اور تصویر پیش کر رہی ہے-

ایران، گذشتہ چالیس برسوں میں تقریبا تمام میدانوں منجملہ سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں امریکہ و یورپ کی ظالمانہ پابندیوں اور دباؤ کا شکار ہے تاہم پابندیوں کے باوجود اس نے  سائنس و جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں کافی ترقی کی ہے- سائنسی دستاویزات اور اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ اس وقت ایران دنیا کی سائنسی ترقی میں ایک اعشاریہ ترانوے فیصد پیشرفت کر کے عالم اسلام میں پہلے نمبر پر پہنچ چکا ہے-

عالم اسلام کی Islamic World Science Citation Center  آئی ایس سی کے سربراہ محمد جواد دہقانی کا کہنا ہے: عالمی سطح پر انجام پانے والے تازہ ترین سروے کے مطابق ایران نے اسلامی انقلاب کی کامیابی سے پہلے کی نسبت سائنسی پیداوار میں انیس گنا ترقی کر کے دنیا میں سولہواں مقام حاصل کر لیا ہے- 

 یہ قابل تعریف کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ ایسے عالم میں جب امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے ایران پر دباؤ، اقتصادی بحران اور دباؤ سے امیدیں لگائے ہوئے ہیں، برعکس نتیجہ حاصل کیا ہے اور ایران کی پیشرفت و ترقی انھیں پابندیوں کا نتیجہ ہے- ایران، اس وقت مختلف میدانوں میں دنیا اور علاقے میں مناسب پوزیشن کا حامل ہے- یہاں تک کہ نینو ٹیکنالوجی میں ایران دنیا کے دس بڑے ملکوں میں ہے- جینیٹیکس سائنس میں علاقے میں پہلے نمبر پر اور دنیا میں سولہویں نمبر ہے خلائی سائنس کے میدان میں علاقے میں پہلے نمبر پر اور دنیا میں پندرہویں نمبر پر ہے- 

 پروفیسر فرانچسکو فرڈریکو ناکارلا نے گذشتہ سال نومبر میں شہر مشہد کے رضوی ہاسپیٹل میں منعقدہ کارڈیئک انٹرنیشنل کانفرنس کے انعقاد کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ : یورپی ممالک میڈیکل سائنس کے شعبے میں ایران کے ساتھ رابطہ قائم کرنے کا بہت اشتیاق رکھتے ہیں اور اس سے پتہ چلتا ہے کہ پابندیاں اس ملک کی سائنسی ترقی کو نہیں روک سکتیں-

بلاشبہ ایرانی نوجوانوں کی اعلی صلاحیتوں اور سائنسی توانائیوں کے پیش نظران کی سائنسی پیشرفت آئندہ بھی جاری رہے گی اور امریکی پابندیوں کے برخلاف ملت ایران کا مستقبل روشن ہے-

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے گذشتہ نومبر میں سامراج کے خلاف جد وجہد کے قومی دن تیرہ آبان کو ہزاروں طلبہ اوردانشوروں سے خطاب کرتے ہوئے گذشتہ چالیس برسوں میں اپنی سازشوں کو عملی جامنہ پہنانے میں بڑے شیطان کی شکست یعنی شاہی حکومت کو دوبارہ مسلط کرنے میں اس کی ناکامی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے تاکید کی کہ : دنیا کے تمام معتبر ماہرین اس حقیقت پرمتفق ہیں کہ امریکہ کا زوال شروع ہوچکا ہے لیکن دوسری جانب باعزم ملت ایران اور اس کے عزیز نوجوانوں کے کام اور جدوجہد سے اس کا مستقبل قدرے بہتر ہے-

انٹرنیشنل کرائسس تھنک ٹینک نے ایک اعلی امریکی عہدیدار کے حوالے سے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں لکھا کہ : حکومت کی جانب سے انجام پانے والے ایک ابتدائی داخلی جائزے کے مطابق امریکی روش ابھی تک ایران کے رویے کو محدود یا تہران کو مذاکرات کی میز پرلانے میں کامیاب نہیں ہو سکی ہے-

آج  ہارڈ وار کی نسبت سافٹ وار کو خاص اہمیت حاصل ہے جس کا اصلی محور سائنس و ٹیکنالوجی کی پیداوار ہے - لہذا اس راہ میں سنجیدگی سے آگے بڑھنا چاہئے اگرچہ اس راستے پر مخالفتیں اور دشواریاں بھی ہیں-

ٹیگس