ارادوں کی جنگ میں ملت ایران کی استقامت فاتح ہے
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر نے استقامت کو دشمن کے مقابلے کا واحد راستہ قرار دیا اور کہا کہ استقامت ، امریکی پالیسیوں کے مقابلے میں کامیابی کا واحد راستہ ہے اور ملت ایران کی کامیابی نزدیک ہے-
میجر جنرل حسین سلامی نے منگل کو اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ دنیا میں امریکی پالیسیاں ناکام ہوچکی ہیں کہا کہ آج ایران ہمیشہ سے زیادہ طاقتور ہوکر دشمن کے خلاف برسرپیکار ہے اور یہ ایران کے مسلمان عوام کے قومی ، انقلابی اور اسلامی تشخص کا نتیجہ ہے-
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ امریکی ، اسٹریٹیجی کے فقدان کا شکار ہیں کہا کہ ایران کے دشمن سست اور تھک چکے ہیں اور امریکہ کا زمانہ ختم ہوگیا ہے- استقامت ، گذشتہ چالیس برسوں کے دوران ملت ایران کا مفید اور سنہری آپشن رہا ہے- انقلاب اسلامی کی کامیابی کے بعد ملت ایران کے دشمن خاص طور سے امریکہ نے ملت ایران کو پیشرفت سے روکنے اور اسلامی جمہوریہ کو ایک وابستہ ملک بنانے کے لئے جو سازش بھی رچی ، اسے ملت ایران کی عاقلانہ اور باہدف استقامت سے ناکام بنا دیا ہے-
ملت ایران کا تاریخی ، اسلامی اور انقلابی تشخص اس قوم کو سرتسلیم خم نہیں کرنے دے گا اور خودمختاری پسندی کے اسی تشخص نے جو اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد سامنے آیا ہے اسلامی جمہوریہ ایران کو علاقے اور دنیا کا ایک خودمختار اورطاقتورملک بنا دیا ہے- انقلاب اسلامی کی چالیس سالہ تاریخ کامیاب استقامت کے تجربے سے لبریز ہے اور آٹھ سالہ مقدس دفاع ، جارحین کے مقابلے میں ملت ایران کے استقامت کا اعلی نمونہ ہے- اس وقت امریکہ نے ملت ایران کے ساتھ اقتصادی جنگ شروع کر رکھی ہے تاہم ملت ایران کی مثالی استقامت نے امریکی حکام کے اندازوں کو درہم برہم کردیا ہے- امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہ جو ملت ایران کے ساتھ دشمنی میں تمام سابق امریکی صدور سے آگے بڑھ گئے ہیں ، ملت ایران پر زیادہ سے زیادہ دباؤ سے کام لے رہے ہیں-
امریکہ کی زیادہ سے زیادہ دباؤ اوردھمکی کی پالیسی کے سامنے ملت ایران کی بھرپور اور موثر استقامت نے وائٹ ہاؤس کے حکام کو سرگرداں اور سیخ پا کردیا ہے-
امریکی حکام کی ناتوانی اس حد تک پہنچ چکی ہے کہ وہ جھوٹے پرو پیگنڈوں کے ذریعے اور دستاویزات جعل کر کے ایران کو علاقے کے امن و سلامتی میں رخنہ ڈالنے والا ملک ظاہر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم اس سلسلے میں بھی دنیا میں کوئی ان کی بات سننے اور ماننے والا نہیں ہے-
اس سلسلے میں امریکہ کی ریپبلکن پارٹی کے سرگرم سیاسی رہنما مارک ڈانکف نے بحیرہ عمان میں آئل ٹینکروں پر حملے میں ایران کے کردار کے بارے میں امریکی حکام کے دعوؤں کو جنگ کے لئے امریکی حکومتوں کے تاریخی اکاذیب کی تکرار قرار دیا اور کہا کہ وہ ایران پر الزام لگانے کے لئے کھلے عام ثبوت اور دستاویز گڑہ رہے ہیں -
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے بھی لکھا کہ کافی جھوٹ بولنے اور دلیلوں کے فقدان کی بنا پر دوآئیل ٹینکروں پر حملے کے بارے میں ایران کے خلاف امریکی صدر کے حالیہ الزامات کو کوئی ماننے والا نہیں ہے-
ملت ایران کی اصولی اور کارآمد پالیسی کہ جس کی جڑیں اسلامی و انقلابی تشخص میں پیوست ہیں، امریکی حکام کے خواب کو شرمندہ تعبیر نہیں ہونے دے رہی ہے-
امریکہ کی ناکامی نے ایران کی تاریخ ساز قوم سے امریکی حکام کی دشمنی کو دوچنداں کردیا ہے- ملت ایران کی توہین اور اسے دہشتگرد قرار دینے کے بے بنیاد دعؤوں کا اسی تناظر میں جائزہ لیا جا سکتا ہے تاہم یہ سب پر پوری طرح عیاں ہے کہ دہشتگرد کون ہے؟ آج اس بات کے پختہ ثبوت موجود ہیں کہ امریکی حکام اورمغربی ایشیا کے علاقے میں ان کے اتحادی عین دہشتگردی ہیں-