Jul ۲۰, ۲۰۲۳ ۱۰:۵۵ Asia/Tehran
  • حسین (ع) ہو یا حسینی، ظلم کے آگے نہیں جھکتا (پوسٹر)

ہیہات منا الذلہ، امامِ ’حریت‘ حضرت سید الشہدا حسین بن علی (ع) کی آواز میں بلند ہوا وہ نعرہ ہے جس کی گونج تا قیامِ قیامت حریت پسندوں کے دلوں میں ظلم و استبداد کے بالمقابل مزاحمت و استقامت کا جذبہ پیدا کرتی رہے گی۔

سحر نیوز/مناسبت: مکتب حسینی عالم انسانیت کے لئے بے شمار اسباق کو اپنے اندر سمیٹے ہوئے ہے۔ ان میں سے ایک اہم اور عظیم سبق یہ ہے کہ ایک حریت پسند کبھی ذلت و حقارت سے اٹی زندگی برداشت نہیں کرتا اور ظلم و جور کے سامنے تسلیم ہونے کے بجائے اس کو ختم کرنے کے لئے اگر ضرورت پڑتی ہے تو اپنی ہستی کو بھی داؤ پر لگا دیتا ہے۔ امام حسین علیہ السلام نے ایک معیار عالم انسانیت کو دیا ہے کہ آپؑ جیسا کوئی بھی شخص کبھی یزید جیسے کی ولایت کو تسلیم کر ہی نہیں سکتا؛ آپ نے فرمایا: مثلی لایبایع مثلہ؛ مجھ جیسا اُس جیسے کی بیعت نہیں کرتا۔

حسینی ہونا کسی خاص مذہب کے پیروکاروں کی خصوصیت نہیں بلکہ یہ خصوصیت دنیا کے ہر حریت پسند میں پائی جا سکتی ہے اور زمانہ گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ حقیقت مزید عیاں ہوتی جا رہی ہے۔ جب ہم یہ دیکھتے ہیں کہ دنیا میں مختلف ادیان اور مذاہب کے پیروکار مختلف انداز میں امامِ حریت، شہید کربلا حضرت حسین علیہ السلام سے اپنی قلبی وابستگی کا اظہار کرتے ہیں تو پھر اس حقیقت میں شک کی کوئی گنجائش باقی ہی نہیں رہ جاتی۔

تاریخ کے دامن میں ایسے غیر مسلم دانشوروں اور سیاستدانوں کی مثالیں کم نہیں ہیں جنہوں نے پیغمبر اسلام (ص) کے فرزند حسین بن علی (ع) کو اپنا آئیڈیئل بنایا اور اپنی تحریک کو آگے بڑھانے کے لئے ان کے نقش قدم پر چلے۔ 

اس حوالے سے قائد انقلاب اسلامی فرماتے ہیں:

’’سید الشہدا حضرت امام حسین (ع) کو تا ابد پرچم حق کے عنوان سے باقی رہنا ہے۔ پرچم حق ہرگز باطل کی صف میں شامل نہیں ہو سکتا اور باطل کا رنگ قبول نہیں کر سکتا۔ یہی وجہ تھی کہ سید الشہدا نے فرمایا تھا ’هیهات منّا الذّلّة‘؛ محال ہے کہ ہم ذلت قبول کر لیں۔

افتخار اس انسان، قوم اور گروہ کا حق ہے جو اپنی بات پر قائم رہے اور جس پرچم کو بلند کیا ہے اسے طوفانوں میں گرنے اور مٹنے نہ دے۔

امام حسین (ع) نے اس پرچم کو مضبوطی سے تھامے رکھا اور اپنے عزیزوں کی شہادت اور اہل حرم کی اسیری بھی برداشت کی۔‘‘

(قائد انقلاب اسلامی، 29 مارچ 2002)

’’ھیھات منا الذلہ‘‘ پوسٹر ڈاؤنلوڈ کرنے کے لئے یہاں کلک کیجیئے!

 

ٹیگس