Jul ۰۶, ۲۰۲۵ ۱۶:۰۱ Asia/Tehran
  • پورا ایران شہداء کربلا کے سوگ میں ڈوبا ہوا ہے، ہر جانب

عاشور کے دن امام حسینؑ سے عقیدت کا عظیم مظاہرہ، ملک بھر میں جلوس، مجالس اور روایتی عزاداری، ایران کا ہر گوشہ عزاخانہ بن گیا۔

سحرنیوز/ایران: ماہِ محرم کی دسویں تاریخ، یعنی یومِ عاشورا کے موقع پر پورا ایران سوگ و ماتم میں ڈوبا ہوا ہے۔ امام حسین علیہ السلام، سید و سالارِ شہیدان، کی یاد میں پورا ایران روایتی انداز میں غم و عقیدت کا بھرپور اظہار کررہا ہے۔  ملک کے مختلف شہروں، قصبوں اور دیہاتوں میں عزادارانِ حسینی نے اپنے اپنے آبائی رسم و رواج کے مطابق عزاداری کرتے ہوئے امام مظلومؑ سے محبت و وفاداری کا عملی ثبوت دے رہے ہیں۔ یہ مناظر ایران کی گلیوں، سڑکوں، امام بارگاہوں اور حسینیہ جات میں واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں جہاں نوحہ و ماتم اور "یا حسینؑ" کی صدائیں گونج رہی ہیں۔

معنوی میراث جو نسلوں کو جوڑتی ہے۔ ایران کی شیعہ ثقافت میں "گھروں میں مقتل خوانی" سب سے قدیم اور معتبر طریقۂ عزاداری سمجھا جاتا ہے جس کی تاریخ کئی صدیوں پر محیط ہے۔ خاص طور پر ان ادوار میں جب عوامی اجتماعات پر پابندی عائد تھی، لوگ گھروں میں چھوٹی چھوٹی مجالس کا اہتمام کرکے امام حسینؑ اور ان کے وفادار ساتھیوں کی یاد منایا کرتے تھے۔

یہ گھریلو مجالس آج بھی ایران کے مختلف علاقوں میں، خاص طور پر ایام محرم میں جوش و جذبے کے ساتھ منعقد ہوتی ہیں۔ ان مجالس کا کردار صرف مذہبی رسومات تک محدود نہیں بلکہ یہ گھرانوں کو جوڑنے، دینی تعلیمات کو منتقل کرنے، اور سماجی و خاندانی روابط کو مضبوط کرنے کا ذریعہ بھی بنتی ہیں۔

مشہد مقدس میں حضرت رضا علیہ السلام کے حرم مقدس میں عزاداری بھرپور عقیدت کے ساتھ منائی جارہی ہے، شہر کے مختلف علاقوں سے ماتمی دستے اور عزادار حرم مطہر کی طرف جانے والے راستوں پر گامزن ہیں۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے آبائی شہر تبریز میں عاشورا کے دن جلوس عزا میں شرکت کی اور عزاداروں کے ساتھ نماز ظہرین ادا کا فریضہ ادا کیا۔

اس حماسی دن میں زنجان، حسینی عشق سے سرشار پروانوں کے سیلاب کا مشاہدہ کیا جاسکتا ہے۔ گلیوں کی سیاہ پوشی، زنجیر زنی، سینه‌زنی اور اجتماعات سب اہل بیتؑ سے بے پناہ اخلاص اور دلدادگی کا پرجوش اظہار ہیں۔

قم، یومِ عاشور پر مکمل طور پر غم اور سوگ کے رنگ میں ڈوبا ہوا ہے۔ یوم عاشور کے موقع پر شہر کے مختلف علاقوں سے سینه‌زنی اور زنجیرزنی کے متعدد جلوس حضرت فاطمہ معصومہ سلام‌الله‌علیها کے روضۂ اقدس کی طرف رواں دواں ہیں تاکہ کریمۂ اہل بیتؑ کی بارگاہ میں امام حسینؑ کی شہادت پر تعزیت پیش کریں۔

ٹیگس