Feb ۲۷, ۲۰۱۶ ۱۱:۴۳ Asia/Tehran
  • پاکستانی بینکوں کو ایران سے تجارت کرنے کی اجازت

ایران پر عائد اقتصادی پابندیوں کے خاتمے کے بعد پاکستانی بینکوں کو ایران سے تجارت کی اجازت دے دی گئی ہے یہ اجازت اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے دی ہے۔

ہمارے نمائندے نے پاکستانی میڈیا کے حوالے سے خبر دی ہے کہ اقوام متحدہ کی جانب سے ایرن پرعائد اقتصادی پابندیاں اٹھائے جانے کے بعد پاکستان نے بھی ایران سے تجارتی تعلقات کو بحال کرنے کا اعلان کیا تھا، اس اعلان کے بعد اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے تمام پاکستانی بینکوں کو ایران سے تجارت کی اجازت دے دی ہے اور اس حوالے سے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ایران پرعائد اقتصادی پابندیاں اٹھانے کے بعد ایران پر لگائی گئی  بینکس یا ایف آئیز کی پابندی اٹھا لی گئی ہے اور اب ایران سے معمول کی تجارت کی جا سکتی ہے۔

واضح رہے کہ ایران پر عائد پابندیوں کی وجہ سے ایران اور پاکستان کی دو طرفہ تجارت شدید متاثر ہوئی تھی اور اس میں شدید کمی واقع ہوئی تھی۔ پابندیوں کے خاتمے کے بعد ایران اور پاکستان نے اپنی دو طرفہ تجارت کو پانچ ارب ڈالر سالانہ تک لے جانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ پاکستانی بینکوں پر ایران کے ساتھ تجارت پر عائد پابندیاں ختم ہونے سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت میں تیزی آئے گی۔

ٹیگس