تہران میں ایران پلاسٹ بین الاقوامی نمائش کا افتتاح
دارالحکومت تہران میں گیارہویں ایران پلاسٹ بین الاقوامی نمائش کا افتتاح ہوگیا ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق، ایران پلاسٹ بین الاقوامی نمائش میں چھے سو ملکی اور پانچ سو چوبیس غیر ملکی کمپنیاں شریک ہیں- اس نمائش کا عنوان " ملک کی پیٹرو کیمیکل اور پلاسٹک صنعت میں روزگار کے مواقع تلاش کرنا" ہے۔
گزشتہ سال کے مقابلے میں اس سال ایران پلاسٹ نمائش میں غیر ملکی شرکت کرنے والوں کی موجودگی کی شرح میں اکیس فیصد اضافہ ہواہے۔
اس نمائش میں بیلجیم، ڈنمارک، جرمنی، فن لینڈ، فرانس، یونان،ہندوستان، سربیا، اٹلی، جنوبی کوریا، آسٹریا، لیگزمبرگ، سوئٹزرلینڈ، اسپین، برطانیہ، تھائی لینڈ، چیک، قبرص، ترکی، تائیوان، چین، جاپان اور متحدہ عرب امارات ممالک کی کمپنیاں، شریک ہیں۔
ملک کی پلاسٹک صنعت کی ترقی، غیر ملکی سرمایہ کاری کی ترغیب، ایرانی مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ ، نئی ٹیکنالوجیوں کی منتقلی اور پلاسٹک صنعت کی مارکیٹنگ کو فروغ دینا اس بین الاقوامی نمائش کا اہم مقصد ہے۔
گیارہویں بین الاقوامی ایران پلاسٹ نمائش چوبیس سے ستائیس ستمبر تک تہران میں جاری رہے گی۔