ایرانی اسٹال کو کراچی کی میری ٹائم بین الاقوامی نمائش میں بہترین اسٹال منتخب کرلیا گیا
پاکستان میں منعقدہ میری ٹائم کی دوسری بین الاقوامی نمائش اور کانفرنس میں ایرانی اسٹال کو بہترین بین الاقوامی اسٹال منتخب کرلیا گیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں میری ٹائم بین الاقوامی نمائش اور کانفرنس اختتام پذیر ہوگئی۔ نمائش میں ایرانی اسٹال کو بہترین بین الاقوامی اسٹال قرار دیا گیا۔ جمعرات کے روز اختتام پذیر ہونے والی پاکسان کی اس نمائش اور کانفرنس میں 44 ملکوں کے نمائندے شریک تھے۔
اس موقع پر ایران کی وزارت دفاع کے اسٹال کو بہترین بین الاقوامی اسٹال کے طور پر منتخب کیا گیا۔
ایران کی وزارت دفاع نے کراچی میں ہونے والی اس نمائش اور کانفرنس میں اسلامی جمہوریہ ایران کی نمائندگی کی۔ اس 4 روزہ کانفرنس اور نمائش میں پاکستان کے فوجی عہدے داروں، میری ٹائم اور الیکٹرانک وارفیئر کے ماہرین اور دیگر ملکوں کے وفود نے وزارت دفاع کے اسٹال پر آکر اسلامی جمہوریہ ایران کی دفاعی صلاحیتوں اور مصنوعات کا قریب سے معائنہ کیا۔
قابل ذکر ہے کہ صوبہ سندھ کے گورنر کامران ٹسوری اور پاکستان کی بحریہ کے اعلیٰ عہدے داروں نے بہترین بین الاقوامی اسٹال کے لیے اسلامی جمہوریہ ایران کے ملٹری اتاشی کرنل محمد محسن شہابی کو اس نمائش کی شیلڈ سے نوازا۔