ایران کی پاکستان اور ترکمنستان کے درمیان گیس سویپ کی تجویز
اسلامی جمہوریہ ایران نے پاکستان کو ترکمنستان سے گیس کی درآمد کے لیے گیس کے تبادلے یا سویپ کی تجویز پیش کی ہے۔
ایران کے نائب وزیر پیٹرولیم حمید رضا عراقی نے اپنے ایک بیان میں گیس کے تبادلے کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران بڑی تیزی کے ساتھ اور کسی بھی قسم کے اضافی خرچ کے بغیر ترکمنستان سے گیس حاصل کر کے پاکستان کو فراہم کر سکتا ہے۔
انہوں نے تاپی گیس پائپ لائن منصوبے کی تکمیل کو بعید قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران نے ترکمنستان کو پہلے ہی پیشکش کر دی ہے کہ ہم پاکستان کے لیے گیس کے تبادلے کو تیار ہیں جس کے لیے زیادہ سرمایہ کاری کی ضرورت نہیں ہے۔
ایران پہلے ہی جمہوریہ آذربائیجان کو فراہم کی جانے والی گیس کا ترکمنستان کے ساتھ تبادلہ کر رہا ہے۔ اس منصوبے کے تحت ایران ترکمنستان کی مشترکہ سرحدوں سے گیس حاصل کرتا ہے اور اتنی ہی مقدار میں گیس جمہوریہ آذربائیجان کو اس کی سرحد پر فراہم کر دیتا ہے۔
ترکمنستان، افغانستان، پاکستان اور ہندوستان پر مشتمل چار فریقی گیس پائپ لائن منصوبے، تاپی پر تخمینہ دس ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔
اس منصوبے کے تحت ترکمنستان کی گیس، پائپ لائنوں کے ذریعے براستہ افغانستان و پاکستان، ہندوستان منتقل کی جائے گی۔