ایران سے بجلی حاصل کرنے کے سمجھوتے کی مدت میں توسیع سے متعلق پاکستان کی خواہش
Jan ۰۱, ۲۰۱۹ ۱۷:۵۹ Asia/Tehran
پاکستان کے وزیر توانائی نے کہا ہے کہ ایران سے ایک سو چار میگاواٹ بجلی حاصل کرنے کے معاہدے کی مدت بڑھانے کے لئے ایرانی حکام سے بہت جلد جامع گفتگو کی جائے گی۔
پاکستان کے وزیر توانائی عمر ایوب خان نے پاکستان میں ایران کے سفیر مہدی ہنردوست کے ساتھ پیر کے روز اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں کہا ہے کہ پاکستان بجلی کے شعبے میں ایران کے ساتھ اپنے حالیہ تعاون کو مزید بڑھانا چاہتا ہے۔
پاکستان نے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ بجلی کے شعبے میں موجودہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لئے اپنی دلچسپی کا بھی اظہار کیا۔
اس موقع پر ایران کے سفیرمہدی ہنردوست نے بھی پاکستان کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ایران کی دلچسپی اورعزم کا اظہار کیا۔.
فریقین نے بجلی کی پیداوار اور ترسیل کے شعبے میں مشترکہ طور پرمزید مواقع پیدا کرنے کےعزم کا بھی اظہارکیا۔