ایران اور ہندوستان کے مابین تجارتی تعلقات کو فروغ دینے پر تاکید
ہندوستان کے اقتصادی اور تجارتی شعبوں کے نمائندوں اور ایران کی پارلیمنٹ کے بعض ممبران کے اجلاس میں ایران اور ہندوستان کے تجارتی تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔
ایرانی پارلیمنٹ کے آئین کی شق چوالیس پر کام کرنے والے ماہرین اور ہندوستان کی کنفڈریشن آف انڈین انڈسٹری کے عہدیداروں کے مابین ممبئی میں ہونے والے اجلاس میں ایران اور ہندوستان کے درمیان تجارتی تعلقات کی توسیع کی توانائیوں کا جائزہ لیا گیا-
اجلاس میں فریقین نے دوطرفہ تعاون اور تعلقات کو پہلے سے بھی زیادہ فروغ دینے کی راہوں پر تبادلہ خیال کیا- ایرانی پارلیمنٹ کے آئین کی شق چوالیس سے متعلق کمیشن کے سربراہ حمید رضا فولادگر نے اس اجلاس میں ایران اور ہندوستان کے مابین تجارت کو تقویت دینے والے عوامل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں میں پائی جانے والی توانائیوں کے پیش نظر ایران اور ہندوستان کو اپنے تجارتی تعلقات کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کے لئے سرعت عمل کا مظاہرہ کرنا چاہئے-
ایرانی پارلیمنٹیرین نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایران اور ہندوستان کے ثقافتی اور دوستانہ تعلقات صدیوں پرانے ہیں اور دونوں ہی ملکوں کے تجارتی تعلقات کی تاریخ پرانی ہے کہا کہ باہمی تجارت کی راہ میں پائی جانے والی رکاوٹوں کو ختم کیا جانا چاہئے-
اس اجلاس میں شریک ہندوستانی ماہرین نے بھی ایران کے ساتھ تجارتی حجم کو بڑھانے کے لئےاپنے ملک کی دلچسپی کا اعلان کیا اور کہا کہ اس راستے میں پائی جانے والی رکاوٹوں کو جلد دور ہونا چاہئے-