Apr ۲۹, ۲۰۱۹ ۱۸:۰۷ Asia/Tehran
  • پاکستان ایران تجارت سے ڈالر کو ختم کرنے کا مطالبہ

پاکستان کے اقتصادی اور سیاسی ماہرین نے ایران کے ساتھ تجارت میں ڈالر کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

لاہور میں ایران پاکستان اقتصادی، سیاسی اور سیکورٹی چیلنجوں کے عنوان سے منعقدہ سیمینار کے شرکا نے دونوں ملکوں کے تعلقات میں زیادہ سے زیادہ فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔ شرکا کا کہنا تھا کہ پاکستان ایران تعلقات کا فروغ ،چین اور ہندوستان سمیت پورے  خطے کے لیے سود مند ہے۔
ایران میں پاکستان کے سابق سفیر جاوید حسین نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ تہران اور اسلام آباد اپنے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے موثر اقدامات انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی پابندیوں کی وجہ سے ایران پاکستان تجارتی سرگرمیاں بری طرح سے متاثر ہوئی ہیں۔
سابق سفارت کار نے تجویز پیش کی کہ ایران اور پاکستان کو چاہیے کہ وہ باہمی تجارت سے ڈالر کو ختم کردیں۔
سوچ فورم کے چیرمین محمد مہدی کا کہنا تھا کہ ایران، پاکستان کی توانائی ضروریات پوری کرسکتا ہے جبکہ پاکستان دوائیں، غذائی اشیا اور پارچہ جات ایران کو برآمد کرنے کی بھرپور گنجائش رکھتا ہے۔
پنجاب یونیورسٹی کے پروفیسر امجد عباس مگسی نے بھی پاکستان اور ایران تعلقات کی تقویت کو دونوں ملکوں عوام کے لیے سود مند قرار دیا۔

ٹیگس