ایران اور ہندوستان کے درمیان اقتصادی تعاون کو آسان بنانے کی راہوں کا جائزہ
ایران کے ایوان صنعت و تجارت و زراعت کے سربراہ اور تہران میں ہندوستان کے سفیر نے اقتصادی شعبوں میں تعاون کی راہوں کو آسان بنانے کے طریقوں پر بات چیت کی۔
ایران کے ایوان صنعت و تجارت و زراعت کے سربراہ غلام حسین شافعی اور تہران میں ہندوستان کے سفیر گڈّام دھرمیندرا نے اپنی ملاقات میں کہا کہ دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لئے دونوں ملکوں میں بے پناہ گنجائش اور توانائی پائی جاتی ہے- دونوں فریقوں نے ایران اور ہندوستان کے مابین بینکنگ کی مشکلات کو حل کئے جانے پر بھی زور دیا -
غلام حسین شافعی نے کہا کہ جلد ہی مشہد بیرجند اور چابہار کے درمیان ہوائی سروس شروع کی جائے گی- انہوں نے کہا کہ یہ فلائٹ شروع ہونے سے ایران، ہندوستان اور افغانستان کے مابین تجارتی تعاون مزید آسان ہو جائے گا-
تہران میں ہندوستان کے سفیر گڈام دھرمیندرا نے بھی اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایران اور ہندوستان کے درمیان اس وقت چودہ ارب ڈالر کی تجارت ہو رہی ہے، کہا کہ آئندہ مذاکرات اور دونوں ملکوں کے حکام کی ملاقاتوں میں ترجیحی تجارت کا معاملہ بھی زیرغور آئے گا-