May ۲۲, ۲۰۱۹ ۰۹:۲۹ Asia/Tehran
  • چین اور امریکہ کی اقتصادی جنگ میں شدت

چین اور امریکہ کی اقتصادی جنگ میں روز بروز شدت آتی جا رہی ہے اور اس کے اثرات دنیا کے دیگر ممالک میں بھی محسوس کئے جا رہے ہیں۔

امریکہ کی جانب سے چین کی ایک بڑی ٹیلی کام کمپنی ہواوے پر پابندی کے بعد چین کے عوام نے امریکی کمپنی ایپل کی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

ٹوئٹر کی طرز پر چین کی سماجی رابطے کی مقامی ویب سائٹ پر صارفین نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ہواوے پر پابندی کے مسودے پر دستخط کرنے کے حوالے سے شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے۔

ایک سروے کے مطابق چینی صارفین کے بائیکاٹ کے بعد سے ایپل کی فروخت میں ۲۰ فیصد کمی واقع  ہوئی ہے جبکہ ہواوے کی سیل میں ۲۵ فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

ایک تجزیہ کار کے مطابق ایپل کو اس بحران سے نمٹنے کے لئے اپنی مصنوعات کی قیمتوں میں 12 فیصد اضافہ کرنا پڑے گا۔

گوگل نے چینی کمپنی ہواوے کے ساتھ کاروبار معطل کر دیا ہے اور گوگل کی جانب سے ہارڈ ویئر، سافٹ ویئر اور کچھ ٹیکنیکل خدمات کو معطل کیا گیا ہے۔

جبکہ ہواوے کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس پابندی کی وجہ سے اینڈرائیڈ کے مقابلے میں سوفٹ ویئر پر کام شروع کر دیا ہے تاہم اس نئے سوفٹ ویئر کو ابھی صرف چائنہ میں ہی متعارف کرایا گیا ہے۔

یاد رہے کہ امریکہ نے چینی ٹیلی کام کمپنی ہواوے اور اس کی 70 سے زائد ذیلی اور اس سے منسلک کمپنیوں کو بلیک لسٹ کر دیا ہے۔

 

ٹیگس