Dec ۱۸, ۲۰۱۹ ۱۷:۳۵ Asia/Tehran
  • ایران کی چابہار بندرگاہ میں سرمایہ کاری پر ہندوستان کی تاکید

ہندوستان کے ڈپٹی نیشنل سیکورٹی ایڈوائزر نے کہا ہے کہ چابہار بندرگاہ کے توسیعی منصوبے میں ایران اور ہندوستان کی مشترکہ سرمایہ کاری افغانستان کی اقتصادی ترقی و خوشحالی کے لئے ایک بہترین موقع ہے۔

ہندوستان کے ڈپٹی نیشنل سیکورٹی ایڈوائزر راجیندرکھنا نے بدھ کو تہران میں علاقائی سیکورٹی سے متعلق دوسرے بین الاقوامی اجلاس میں کہا کہ ایران کی جنوب مشرقی چابہار بندرگاہ میں ایران اور ہندوستان کی مشترکہ سرمایہ کاری افغانستان کی معاشی اور اقتصادی خوشحالی کے لئے  بہترین موقع ہے - انہوں نے افغانستان کے  امن مذاکرات کے بارے میں کہا کہ یہ مذاکرات افغانستان کی قانونی حکومت کی سرپرستی میں اور اس کو مرکز بناکر ہونے چاہئیں جبکہ دیگر ملکوں کو اس مذاکراتی عمل میں صرف سہولت کار کا  رول ادا کرنا چاہئے۔

ہندوستان کے ڈپٹی این ایس اے نے منشیات کی اسمگلنگ اور دہشت گردی کو علاقے کے سبھی ملکوں کے لئے مشترکہ خطرہ بتایا اور کہا کہ علاقے کے ملکوں کے  باہمی تعاون کے بغیر موجودہ سیکورٹی خطرات کا مقابلہ نہیں کیا جاسکتا - انہوں نے افغانستان میں پراکسی دہشت گرد گروہوں کی تشویشناک موجودگی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں پائیدار امن کے قیام کے لئے ان فریقوں کے کردار کو روکنا ہوگا جو افغانستان میں امن نہیں چاہتے۔

ٹیگس