Jan ۱۲, ۲۰۲۱ ۲۰:۰۰ Asia/Tehran
  • تجارت کے فروغ پر ایران و پاکستان کی تاکید

ایران کے وزیر صنعت و تجارت اور اقتصادی امور میں پاکستان کے وزیر اعظم کے مشیر نے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی معاملات کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔

ایران کے وزیر صنعت و تجارت علی رضا رزم حسینی اور اقتصادی امور میں پاکستان کے وزیر اعظم کے مشیر عبدالرزاق داؤد نے ٹیلیفون پر ہونے والی گفتگو میں دونوں ممالک کی آزاد تجارت کے بارے میں مذاکرات جاری رکھے جانے پر زور دیا۔

اس گفتگو میں طے پایا کہ ایران و پاکستان کی مشترکہ تجارتی کمیٹی کے نویں اجلاس کے بارے میں جلد ہی ہم آہنگی کی جائے گی تاکہ اقتصادی امور میں پاکستان کے وزیر اعظم کے مشیر عبدالرزاق داؤد کے دورہ تہران میں تعاون کی دستاویزات پر دستخط کئے جا سکیں۔

اسی طرح اس گفتگو میں نئی مشترکہ سرحدوں کو کھولے جانے اور سرحدی منڈیوں کے قیام کے ذریعے تجارتی لین دین کو مضبوط بنانے میں دونوں ملکوں میں پائی جانے والی دلچسپی پر خوشی کا اظہار کیا گیا۔

واضح رہے کہ پڑوسی ملکوں میں پاکستان ایران کے لئے چوتھا برآمداتی ملک ہے اور گذشتہ نو ماہ کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان چوراسی کروڑ سے زائد ڈالر کی تجارتی لین دین ہوئی ہے جس میں ایران کی جانب سے اکہتر کروڑ ڈالر مالیت کی صنعتی کیمیائی اور زرعی و غذائی اشیا برآمد کی گئی ہیں۔

ٹیگس