بحیرہ خزر کے اقتصادی فورم سے ایران کے نائـب صدر کا خطاب
ایران کے نائب صدر محمد مخبر نے کیسپئن سی کو ساحلی ملکوں کی مشترکہ میراث قرار دیا اور اس کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا۔
ایران کے نائب صدر محمد مخبر نے ماسکو میں کیسپین سی کے دوسرے اقتصادی اجلاس سے اپنے خطاب میں کیسپئن سی کو ساحلی ملکوں کی مشترکہ میراث قرار دیتے ہوئے آئندہ نسلوں کے لئے اس کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا۔
انھوں نے کہا کہ کیسپین سی کے ماحولیات کے تحفظ کا تہران کنونشن ایک مناسب قانونی لائحہ عمل ہے جس پر تمام ساحلی ملکوں کو عمل کرنا چاہئے۔
محمد مخبر نے کہا کہ کیسپین سی کے ساحلی ملکوں کو اس سمندر کے ذخائر سے فائدہ اٹھانے کے لئے تہران کنونشن کے دائرے میں اپنے فرائض پر عمل کرنا ہو گا۔
انھوں نے کہا کہ ایران تمام ساحلی ملکوں کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعاون کے فروغ کے لئے پرعزم ہے ۔ ایران کے نائب صدر نے ساحلی ملکوں کے درمیان بینکاری اور مالی امور میں ایک مشترکہ لائحہ عمل تیار کئے جانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
انھوں نے کیسپیئن سی کے ساحلی ملکوں کے درمیان تیل و گیس اور آئل مصنوعات کے سلسلے میں تعاون کی کمیٹی تشکیل دیئے جانے کی بھی تجویز پیش کی۔ ماسکو اجلاس کے موقع پر ایران کے نائب صدر محمد مخبر نے اجلاس میں شریک ساحلی ملکوں کے وزیر اعظم سے ملاقات بھی کی۔