پچیس رجب المرجب، فرزند رسول امام موسی کاظم (ع) کا یوم شہادت
اسلامی جمہوریہ ایران سمیت پوری دنیا میں فرزند رسول حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کا یوم شہادت عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔
آج پچیس رجب المرجب چودہ سو اڑتیس ہجری قمری مطابق تیئیس اپریل دو ہزارسترہ امام موسی کاظم علیہ السلام کا یوم شہادت بہت عقیدت اور احترام سے منایا جارہا ہے ۔
امام موسی کاظم علیہ السلام عالم اسلام کی عظیم ہستی امام جعفرصادق علیہ السلام کے فرزند تھے۔ آپ نے اپنے والد بزرگوار کے زیرسایہ تربیت پائی۔ آپ نے تقریبا پینتیس سال تک مسلمانوں کی امامت کا فریضہ انجام دیا اور ان برسوں کے دوران زیادہ تر قیدخانوں میں رہے۔ جس سے ظاہرہوتا ہے کہ ان کے دور میں عباسی حکمرانوں کا اہل بیت عصمت و طہارت کے بارے میں رویہ بہت سخت اور ظالمانہ تھا۔
لیکن اس کے باوجود امام موسی کاظم علیہ السلام صدائے حق بلند اور لوگوں کی رہنمائی کرتے رہے۔ امام علیہ السلام نے مسلمانوں کو سیاسی و سماجی طورپرآگاہ و بیدار کرنے کی کوشش کی اور انھیں عباسی حکمرانوں کی بدعنوانیوں سے آگاہ کیا۔ وہ بنی عباس کے حکمرانوں کے اقدامات اور روش کو اسلامی اقدار کے منافی سمجھتے تھے۔
عباسی خلیفہ ہارون نے کہ جو نہیں چاہتا تھا کہ عوام امام موسی کاظم علیہ السلام کے علم و فضیلت کے بحر بیکراں سے فیض یاب ہوں، پچیس رجب ایک سو تراسی ہجری قمری کو ایک سازش کے ذریعے آپ کو قید خانے میں زہردے کرشہید کردیا۔ شہادت کے وقت آپ کی عمرمبارک پچپن سال تھی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کا ریڈیو اور ٹیلی ویژن کا ادارہ اس مناسبت سے پوری دنیا کے مسلمانوں خاص طور پر محبان اہل بیت اور امام مظلوم کے عزاداروں کو تعزیت پیش کرتا ہے۔