دنیا بھر میں حسین (ع) و عباس (ع) کے ذکر کی گونج
ایران و عراق سمیت دنیا بھر میں ماہ شعبان کے مبارک ایام اور خاندان اہلبیت علیہم السلام کی عظیم ہستیوں کے ایام ولادت کے موقع پر محافل مقاصدہ اور جشن کا سلسلہ جاری ہے۔
ایران اور عراق سمیت دنیا کے بیشتر ملکوں میں نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام اور فرزندِ علی حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام کے ایام ولادت کا جشن نہایت عظیم الشان انداز میں تمام تر خلوص و عقیدت کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
عراق کے شہر کربلائے معلی میں جہاں سیدالشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام اور علمدار کربلا، پیکر وفا حضرت ابوالفضل العباس کے روضے واقع ہیں ، لاکھوں ملکی اور غیر ملکی زائرین کی رفت و آمد کا سلسلہ جاری ہے جو بین الحرمین میں جاری خصوصی تقریبات میں شرکت کر رہے ہیں۔روضہ حسینی سے ملنے والی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ زائرین کی بڑی تعداد خوشی اور انبساط کے ساتھ دعاؤں اور مناجات میں مصروف ہے۔
یہاں ایران میں بھی نواسہ رسول، پاسبان دین محمدی، حضرت امام حسین علیہ السلام اور آپ کے باوجاف بھائی حضرت ابوالفضل العباس علیہما السلام کے ایام ولادت باسعادت کے موقع پر جشن کا ماحول ہے اور اہم شاہراہوں اور سڑکوں کو خوبصورتی سجایا گیا ہے۔ مشہد مقدس، قم المقدسہ، شیراز، رے اور تہران میں خاندان اہلبیت کی برگزیدہ ہستیوں کے روضوں میں محافل میلاد کا سلسلہ اپنے عروج پر ہے۔
ایران کے محکمہ صحت نے کورونا پروٹوکول کا خیال رکھتے ہوئے ملک بھر میں ماہ شعبان کی عیدوں کے موقع پر محفلوں کے انعقاد کی اجازت دے دی ہے۔
اُدھر ہندوستان و پاکستان میں بھی شمع اہلبیت علیہم السلام کے پروانے اپنے مولا و آقا امام حسین علیہ السلام اور علمدار کربلا حضرت ابو الفضل العباس علیہ السلام کے ایام ولادت کی خوشی نہایت ادب و احترام کے ساتھ منا رہے ہیں اور شہر شہر، قریہ قریہ محافل و میلاد کا سلسلہ جاری ہے جہاں عقیدتمند بارگاہ معصومین علیہ السلام میں نذرانہ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔
ان مبارک ایام میں بہت سے جوانوں نے اپنا شریک سفر چن کر شادی کے مبارک بندھن میں جڑنے کا بھی فیصلہ کیا ہے اور بڑی تعداد میں مسلمان جوڑے شعبان کے مبارک مہینے میں خدائے سبحان سے خاص برکتوں اور رحمتوں کی طلب کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہو کر اپنا گھر بسانے کا انتظام کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ ۳ شعبان سنہ ۴ ہجری کو پاسدار دینِ محمدی حضرت امام حسین علیہ السلام اور ۴ شعبان سنہ ۲۶ ہجری کو علمدار کربلا حضرت ابوالفضل العباس کا یوم ولادت باسعادت ہے جبکہ بعض معتبر روایات کی بنا پر ۵ شعبان سنہ ۳۸ ہجری کو فرزندِ حسین امام زین العابدین علیہ السلام کی ولادت ہوئی ہے۔