Mar ۰۷, ۲۰۲۳ ۱۱:۳۲ Asia/Tehran
  • شبِ برائت آن پہنچی، بندگان خدا کے لئے آج ایک سنہرا موقع

نیمۂ شعبان کی شب کو لیلۃ المبارکہ اور لیلۃ الرحمۃ بھی کہا گیا ہے جو اس شب کے خاص مقام و مرتبے کی حکایت کرتا ہے۔

سحر نیوز/ مناسبت: دین اسلام کا اپنا الگ کیلینڈر ہے جسکی بنیاد ہجرت کے قمری سال پر رکھی گئی ہے۔ اسلامی سال کا آٹھواں مہینہ شعبان کہلاتا ہے، یہ مہینہ بڑے تقدس اور عظمت کا حامل ہے۔

اس مہینے کی 15ویں شب جسے عوام میں شبِ برات یا برائت کے نام سے پہچانا جاتا ہے، نہایت عظمت و برکت کی حامل شب ہے، جو سال کی اہم ترین شبوں یعنی شبہائے قدر کے  بعد سب سے زیادہ باعظمت شب قرار دی گئی ہے۔  یہ شب بندوں کی اپنے کردگار سے راز و نیاز اور دعا و مناجات کی شب ہے، اس شب بندوں کے گناہ بخشے جاتے ہیں۔ نیمۂ شعبان کی اہمیت و منزلت کے پیش نظر اس شب میں شب بیداری پر بڑا زور دیا گیا ہے۔ اس شب کے لئے احادیث شریفہ میں خاص اعمال کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔

شیعی روائی کتب کے مطابق اس شب کی عظمت میں چار چاند اس لئے بھی لگ گئے ہیں کہ اس میں حضرت رسول خاتم، رحمت للعالمین صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے آخری معصوم فرزند اور جانشین، حضرت امام مہدی علیہ السلام کی ولادت باسعادت بھی واقع ہوئی، وہی جو شیعوں کے نزدیک عالمِ بشریت کے منجی کے بطور پہچانے جاتے ہیں جن کی آمد کا ساری دنیا کو انتظار ہے۔

آج کی شب ایران، پاکستان، ہندوستان، افغانستان، عراق، لبنان، شام اور دنیا کے دیگر ممالک کی بہت سی مساجد اور امام بارگاہوں میں خصوصی شب بیداری کا اہتمام کیا جاتا ہے اور فرزندان اسلام ساری رات عبادت اور خدا سے راز و نیاز میں مصروف رہتے ہیں۔ اس کے علاوہ ذکر الٰہی کی خصوصی محافل، قرائت قرآنی، حمد و نعت اور درود و سلام کی روح پرور محفلیں بھی سجتی ہیں جہاں علمائے کرام، مشائخ عظام اور مذہبی دانشور شبِ نیمۂ شعبان کی فضیلت اور امت مسلمہ کے لئے اس کی اہمیت و فضیلت پر روشنی ڈالتے ہیں۔

اس کے علاوہ مساجد، امام بارگاہوں، مقدس مقامات، شاہراہوں اور گلی کوچوں کو خوبصورتی کے ساتھ سجایا جاتا ہے، چراغانی کی جاتی ہے اور مٹھائیاں تقسیم کی جاتی ہیں۔

عراق میں آج کی شب مرکزی اجتماع مقدس شہر سامرا میں ہوتا ہے کہ جہاں حضرت امام مہدی علیہ السلام کے والدین کی قبور اطہر ہیں اور وہیں پر وہ مقام بھی ہے جہاں سے اہل تشیع کی روائی کتب کے مطابق آپ کی غیبت کا آغاز ہوا۔ اس موقع پر دسیوں لاکھوں کی تعداد میں ملکی و غیر ملکی زائرین سامرا شہر پہنچتے ہیں۔ اسکے علاوہ آج کی شب، زیارتِ امام حسین کی فضیلت کے پیش نظر کربلا شہر میں بھی لاکھوں زائرین جمع ہوتے ہیں۔

ایران میں بھی مسجد جمکران دسیوں لاکھ زائرین کی میزبانی کرتی ہے، وہی مسجد جو امام مہدی علیہ السلام سے خاص نسبت رکھتی ہے اور لوگ وہاں اپنے رب سے راز و نیاز، دعا و مناجات کے ساتھ ساتھ امام سے اظہار عقیدت و بیعت کے لئے پہنچتے ہیں۔ یہ مسجد ایران کے معروف شہر قم کے جوار میں واقع ہے۔

نیمۂ شعبان کی شب کو لیلۃ المبارکہ اور لیلۃ الرحمۃ بھی کہا گیا ہے۔ یہ شب دراصل شیطان اور اسکے باطل راستے سے اظہار برائت اور اپنے کردگار سے لو لگا کر اسکے فرمانبردار بندے کے بطور جینے کا عزم کرنے کی شب ہے۔ وہی شب ہے جب بندہ اللہ سے مغفرت طلب کرکے گناہوں کو ہمیشہ کے لیے چھوڑ دینے، حق کا ساتھ دینے اور ایک عالمگیر حکومتِ حق کے قیام کے مقصد سے اسلامی و قرآنی اقدار کو دنیا میں عام کرنے کا عزم و عہد کرتا ہے۔ 

ٹیگس