Feb ۱۴, ۲۰۲۵ ۱۵:۵۲ Asia/Tehran
  • منجی عالم بشریت، فرزند رسول حضرت امام مہدی علیہ السلام کی ولادت کا جشن

دنیا بھر میں آج منجی عالم بشریت، فرزند رسول حضرت امام مہدی علیہ السلام کی ولادت کا جشن بڑی آب و تاب کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

سحرنیوز/ایران: دنیا کے ابراہیمی و غیر ابراہیمی تقریبا سبھی بڑے ادیان ایک ایسی ذات کی آمد پر یقین رکھتے ہیں جو ظلم و جور سے لبریز دنیا میں عدل و انصاف کا پرچم لہرا کر ساری بشریت کو نجات اور سعادت سے ہمکنار کرے گی۔ فرزندان اسلام کا عقیدہ ہے کہ وہ ذات اللہ کے آخری نبی حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی نسل سے ہوگا۔ شیعہ مسلمانوں کے عقیدے کے مطابق شعبان کی پندرہ تاریخ سنہ دوسو پچپن ہجری قمری میں وہ شمس منیر طلوع کر چکا ہے اور آج وہ بحکم خدا پردہ غیب میں ہے۔

اسی مناسبت سے آج ایران و عراق اور برصغیر ہندوستان و پاکستان سمیت ساری دنیا میں امام مہدی علیہ السلام کا جشن بڑی شان و شوکت اور عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔ ایران میں سبھی مقدس مقامات بالخصوص امام مہدی علیہ السلام سے نام سے منسوب مسجدِ جمکران میں اہل ایمان کی بڑی تعداد موجود ہے۔ اُدھر عراق کے سبھی مقدس مقامات خاص طر پر کربلائے معلیٰ اور سامرا کے حرم ہائے مطہر زائرین سے لبریز ہیں۔

گزشتہ شب بھی شبِ برائت کی آمد پر جہاں فرزندان اسلام اور اہل ایمان اپنے معبود سے راز و نیاز اور دعا و مناجات میں مصروف رہے، وہیں حضرت امام مہدی علیہ السلام کی ولادت کی مناسبت سے جشن کا بھی سماں رہا۔ در ایں اثنا ہندوستان اور پاکستان سمیت دنیا بھر کے زیادہ تر ممالک میں شب برائت کے موقع پر جشن کا ماحول رہا۔

 

ٹیگس