یمن سے اپنے 70 ملاحوں کو نکالنے کی ہندوستان کی کوشش
Sep ۱۴, ۲۰۱۵ ۱۱:۵۲ Asia/Tehran
ہندوستان نے یمن سے اپنے ستر ملاحوں کو نکالنے کی کوشش تیز کردی ہے۔
شین ہوا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ ان کا ملک، یمن کی صورتحال کا جائزہ لینے کے ساتھ ہی اس ملک سے اپنے ملاحوں کو نکالنے کی کوشش کر رہا ہے-ہندوستان کی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق یہ ستر ملاح کہ جن کا تعلق ہندوستان کی ریاست گجرات سے ہے، پندرہ دنوں سے مغربی یمن کی الخوخہ نامی بندرگاہ پر پھنسے ہوئے ہیں-اس سے پہلے یمنی ذرائع نے خبر دی تھی کہ الخوخہ کے ساحلوں کے قریب ماہی گیروں کی دو کشتیوں پر سعودی لڑاکا طیاروں کی بمباری میں متعدد ہندوستانی ملاح ہلاک ہوگئے ہیں۔ جس کے بعد ہندوستانی وزارت خارجہ نے اعلان کیا تھا کہ وہ واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب اور دیگر عرب ممالک، گذشتہ مارچ کے میہنے سے یمن کے خلاف بحری اور زمینی حملے جاری رکھے ہوئے ہیں اور ان جارح ملکوں نے یمن کی بیشتر بنیادی تنصیبات، اسپتالوں، اسکولوں اور رہائشی مکانات پر بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں اب تک ہزاروں عام شہری شہید اور زخمی ہوئے ہیں جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں-