ایران اور ہندوستان کے درمیان تجارتی تعاون میں توسیع
ایران اور ہندوستان نے باہمی تجارت کے فروغ کی غرض سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔
نئی دہلی سے ہمارے نمائندے کے مطابق مفاہمت کی یادداشت پر، ایران کے نائب وزیر صنعت و تجارت ولی اللہ افخمی اور ہندوستان کی سیکریٹری تجارت ریٹا ٹی اوٹیا نے دستخط کئے۔
مفاہمت کی یادداشت کے تحت دونوں ممالک نے باہمی تجارت کے فروغ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ ہندوستان کی سیکریٹری تجارت نے اس موقع پر یقین دہانی کرائی کہ وہ بینکاری اورتجارت نیز ایرانی تاجروں کی رقوم کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے معاملے کو ایک ماہ کے اندر حل کرنے کی کوشش کریں گی۔
قابل ذکر ہے کہ نائب وزیر صنعت و تجارت کی سربراہی میں ایران کا ایک تجارتی وفد، منگل کی شام نئی دہلی پہنچا تھا۔ وفدنے ہندوستانی تاجروں اورصنعتکاروں کے علاوہ ہندوستان کی وزرات صنعت و تجارت کے اعلی عہدیداروں سے مذاکرات کئے ہیں۔
ایران کے وفد کا یہ دورہ رواں سال اپریل میں ہندوستانی تجارتی وفد کے دورہ تہران کے جواب میں انجام پارہا ہے۔