مغل حکمراں ہندو مذہب کے فروغ میں حائل نہیں ہوئے: کانگریس لیڈر دگ وجے سنگھ
ہندوستان کی کانگریس پارٹی کے سینئر رہنما دگ وجے سنگھ نے کہا ہے کہ مغل حکمرانوں نے ہندو مذہب کو آگے بڑھنے کا موقع فراہم کیا ہے
کانگریس پارٹی کے رہنما دگ وجے سنگھ نے کہا کہ اگر آپ مغلیہ دور سلطنت پر غور کریں تو آپ دیکھیں گے کہ انھوں نے ہندؤں کو آگے بڑھنے کا موقع دیا- انھوں نے کہا کہ مغلوں نے سناتن مذہب کو زیادہ عزت و احترام دیا- کانگریس کے اس سینئر رہنما کا کہنا ہے کہ اگر مغل حکمراں چاہتے تو ہندوستان کو اسلامی ملک میں تبدیل کر سکتے تھے- دگ وجے سنگھ نے کہا کہ مغل ایسا کر سکتے تھے کیونکہ انھوں نے اس ملک پر پانچ سو سے زیادہ برسوں تک حکومت کی لیکن مغلوں نے ایسا نہیں کیا-
کانگریس کے مرکزی رہنما نے کہا کہ مغلوں کی فوج میں ہندو جنرل اور ہندو مشیر بھی تھے - دگ وجے سنگھ نے کہا کہ اگر آپ اکبر کے نو رتنوں کے بارے میں معلوم کریں تو آپ کو معلوم ہوگا کہ ان میں سے زیادہ تر ہندو تھے-
اس کانگریسی لیڈر نے کہا کہ یہ ہندوستان کی عظمت ہے جسے بدقسمتی سے بی جے پی برباد کر رہی ہے- انھوں نے کہا کہ بی جے پی کے لیڈر قانون کو اپنے ہاتھ میں لئے ہوئے ہیں اور مذہب کے نام پر لوگوں کو تقسیم کر رہے ہیں- دگ وجے سنگھ نے کہا کہ اگر آپ اسے بڑھاوا دیں گے تو اقلیتوں کی جانب سے اس پر ردعمل ہونا یقینی ہے-