ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کے ہاتھوں افغانستان کی پارلیمنٹ کی نئی عمارت کا افتتاح
ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے کابل میں افغانستان کی پارلیمنٹ کی نئی عمارت کا افتتاح کیا۔
ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی ماسکو کا دورہ مکمل کرکے جمعے کو دوپہر سے پہلے کابل پہنچے تو ہوائی اڈے پر افغانستان کی قومی سلامتی کے مشیر حنیف اتمر نے ان کا استقبال کیا۔بعد ازاں ہندوستان کے وزیراعظم نے افغانستان کی پارلیمنٹ کی نئی عمارت کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر افغانستان کےصدر اشرف غنی اور دیگر اعلی عہدیدار بھی موجود تھے۔
افغان پارلیمنٹ کی نئی عمارت ہندوستان کے مالی تعاون سے تعمیر کی گئی ہے۔ ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے دورہ کابل میں افغانستان کے صدر اشرف غنی، چیف ایگزیکیٹو عبداللہ عبداللہ اور سابق صدر حامد کرزئی سے الگ الگ ملاقات کی۔
افغان ذرائع کے مطابق ہندوستانی وزیراعظم اور افغان رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں خطے کی تازہ ترین صورتحال اور کابل نئی دہلی تعلقات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ ہندوستانی وزیراعظم کے دورہ افغانستان کے موقع پر دارالحکومت کابل میں سیکورٹی کے کڑے انتظامات کیے گئے ہیں۔