ہندوستان میں نریندر مودی کا پتلا نذر آتش دورے پر مختلف ردعمل
ہندوستان کے وزیر اعظم کے دورہ پاکستان پراپوزیشن جماعتوں نے تنقید کی ہے جبکہ یوتھ کانگریس نے نریندر مودی کا پتلا نذر آتش کیا-
رپورٹوں کے مطابق ہندوستان کی یوتھ کانگریس نے اس ملک کے وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ پاکستان کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور ان کا پتلا نذر آتش کیا- کانگریس کے رہنما منیش تیواری نے اسے مودی کا ایڈونچر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات ملک کی سکیورٹی پر برے اثرات کا باعث بنیں گے۔
کانگریس کے ایک دیگر رہنما اجے کمار نے نریندر مودی کے دورے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مودی نے قوم کو اعتماد میں لئے بغیر لاہور جانے کا فیصلہ کیا جو اچھا نہیں ہے-
ہندوستان کی انتہاپسند سیاسی جماعت شیو سینا کی ترجمان منیشا کیاندے نے وزیراعظم کے دورے کو سوشل میڈیا کے لئے فوٹو سیشن قرار دیا۔ عام آدمی پارٹی کے رہنما آشو توش نے سوال اٹھایا کہ منموہن سنگھ کے دور میں مودی پاکستان کے ساتھ بات چیت کے لئے بھی تیار نہیں تھے، اب اچانک یہ تبدیلی کیسے آگئی تاہم ہندوستانی وزیر خارجہ سشما سوراج نے وزیراعظم کے دورے کو سراہا ہے -
وزیر خارجہ نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ ملک کے سربراہ ایسے ہی ہوتے ہیں - انھوں نے کہا کہ پڑوسیوں کے درمیان اسی طرح کے تعلقات ہونے چاہیں۔
واضح رہے کہ ہندوستانی وزیراعظم نریندرمودی کل پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف کی سالگرہ کے موقع پر افغانستان کے دارالحکومت کابل سے دہلی کے بجائے اچانک لاہور پہنچ گئے تھے-