Dec ۲۹, ۲۰۱۵ ۰۹:۰۴ Asia/Tehran
  • ایران اور ہندوستان کے درمیان اقتصادی تعاون کے جامع سمجھوتے پر دستخط

ایران اور ہندوستان نے اقتصادی تعاون کے جامع سمجھوتے پر دستخط کئے ہیں-

پیر کی رات ایران کے وزیر خزانہ علی طیب نیا اور ہندوستان کی وزیر خارجہ سشما سوراج نے اقتصادی تعاون کے سمجھوتے پر دستخط کئے - اس سمجھوتے میں دونوں فریقوں نے انرجی ، اسٹراکچر، بینکینگ ، تجارت اور سیاحت جیسے شعبوں میں تعاون پر اتفاق کیا ہے-

اس سمجھوتے کے بعد ایران کے وزیر خزانہ علی طیب نیا نے ارنا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس سمجھوتے پر دستخط، ایران اور ہندوستان کے درمیان اقتصادی تعاون کے فروغ کے میدان میں اہم قدم ہے - انھوں نے کہا کہ ہندوستان ، ایران کی چابھار بندرگاہ کی توسیع اور وسطی ایشیاء تک پہنچنے کے لئے ریلوے لائن بچھانے میں تعاون کا خواہش مند ہے-

ایران کے وزیر خزانہ نے امید ظاہر کی کہ یہ سمجھوتہ ، ایران اور ہندوستان کے درمیان تجارتی راستے میں موجود رکاوٹوں کو دور کر دے گا-

ایران کے وزیر خزانہ علی طیب نیا ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ جمعے کو نئی دہلی پہنچے تھے - انھوں نے ہندوستان کے وزیراعظم نریندرمودی اور وزیر خارجہ سشما سوراج سے بھی ملاقات کی اور باہمی، علاقائی اور بین الاقوامی تعلقات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا-

ٹیگس