افغانستان، مزار شریف میں ہندوستان کے قونصل خانے پر حملہ
Jan ۰۴, ۲۰۱۶ ۰۸:۳۷ Asia/Tehran
افغانستان میں نامعلوم مسلح افراد نے صوبے مزار شریف میں ہندوستان کے قونصل خانے کو اپنے حملے کا نشانہ بنایا ہے۔
ذرائع کے مطابق افغانستان کے صوبے بلخ کے ترجمان گورنر ہاؤس، احمد فرہاد نے کہا ہے کہ اتوار کے روز ہونے والے اس حملے میں ہندوستان کے قونصل خانے کے قریب دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں سنائی دیتی رہیں۔ اس ترجمان کے مطابق حملہ آور ایک مکان میں چھپے ہوئے تھے جنھوں نے رات میں حملہ کرنے کے اپنے منصوبے پر عمل کیا۔ احمد فرہاد نے کہا کہ حملہ آوروں نے ہندوستان کے قونصل خانے میں داخل ہونے کی ناکام کوشش بھی کی۔
ادھر ہندوستان کی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ حملے میں ممکنہ نقصان کے بارے میں ابھی نہ کوئی رپورٹ ملی ہے اور نہ ہی حملے کا مقصد واضح ہو سکا ہے۔ دریں اثنا بعض افغان ذرائع نے رپورٹ دی ہے کہ دو حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔