ہندوستان اور نیپال میں دشمنی نہیں ہو گی
نیپال کے نائب وزیر اعظم نے کہا ہے کہ ہندوستان اور ان کے ملک کے درمیان اختلافات نئی دہلی اور کاٹھمنڈو کے درمیان دشمنی پر منتج نہیں ہوں گے۔
نیپال کے نائب وزیراعظم سی پی مائینالی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کا ملک، ہندوستان اور چین کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہے اور نئی دہلی اور کاٹھمنڈو کے اختلافات ہرگز آپسی دشمنی کا باعث نہیں بنیں گے۔
نیپال کے نائب وزیراعظم کا یہ بیان ایسی حالت میں سامنے آیا ہے کہ اس سے قبل دو ہزار پندرہ میں انھوں نے ایک بیان میں ہندوستان پر نیپال کی تقسیم اور نیپال کے علاقے تیرائی پر کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کا الزام لگایا تھا۔ انھوں نے دونوں ملکوں کی تجارتی سرحد بند کئے جانے کو بھی تیرائی کے علاقے کو جدا کرنے کے ہندوستان کے منصوبے کا حصہ قرار دیا تھا۔ حالانکہ ہندوستان نے نیپالی نائب وزیراعظم کے اس دعوے کی ہمیشہ تردید کی ہے۔
ہندوستان کی حکومت نے اپنے متعدد بیانات میں نیپال کے نئے بنیادی آئین پر بارہا اپنی مخالفت کا اظہار کیا ہے جبکہ نیپال کی حکومت نے ہندوستان کو ان بیانات کو اپنے ملک کے اندرونی مسائل میں ہندوستان کی مداخلت سے تعبیر کیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ہندوستان اور نیپال کی تجارتی سرحد بند کئے جانے سے نیپال میں ایندھن اور دیگر بنیادی ضروریات کی اشیا کی شدید قلّت پیدا ہو گئی ہے۔