کنہیا کمار کی رہائی کے حق میں ہندوستان کے مختلف شہروں میں طلبا تنظیموں کے مظاہرے
دہلی کی جواہر لعل نہرو یونیورسٹی کی طلبا یونین کے صدر صدر کنہیا کمار کی رہائی کے حق میں ہندوستان کے مختلف شہروں میں طلبا تنظیموں نے مظاہرے کئے ہیں -
غداری کے الزام میں گرفتار جے این یو کی طلبا یونین کے صدر کنہیا کمار کی رہائی کے حق میں ہندوستان کے مختلف شہروں میں مظاہروں کا سلسلہ جمعے کو بھی جاری رہا- جس کے پیش نظر پورے ملک میں سیکورٹی کے انتظامات سخت کردیئے گئے ہیں -
مشرقی ریاست بہار کے مختلف شہروں میں دس کے قریب طلبا تنظیموں کے کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے الگ الگ شہروں میں مظاہرے کئے اور ٹرینوں کی آمد و رفت میں بھی خلل ڈالا -
بہار کے کٹیہار ضلع میں طلبا نے احتجاج کے دوران وزیراعظم نریندرمودی کا پتلا بھی نذر آتش کیا اور مرکزی حکومت کے خلاف نعرے لگائے -
ریاستی دارالحکومت پٹنہ میں بھی طلبا نے مظاہرہ کر کے راجیندر نگر ریلوے اسٹیشن پر راجیندر نگر- ایندور ایکسپریس کو کافی دیرتک روکے رکھا -
بہار کے ہی کھگڑیا شہر میں بھی طلبا نے جانکی ایکپسریس ٹرین کو روک دیا اور جے این یو کی طلبا یونین کے صدر کنہیا کمار کی رہائی کا مطالبہ کیا - اس موقع پر طلبا اور ریلوے پولیس اہلکاروں کے درمیان تصادم بھی ہوا جس کے دوران پولیس نے متعدد مظاہرین کو گرفتار کرلیا ہے -
دربھنگہ میں بھی بائیں بازو سے تعلق رکھنے والی طلبا تنظیموں کے کارکنوں نے دربھنگہ ریلوے اسٹیشن پر بہار سمپرک کرانتی ایکسپریس کو کچھ دیر کے لئے روک دیا اور کنہیا کمار کی رہائی کا مطالبہ کیا، مگر ریلوے پولیس نے طلبا کو سمجھا بجھا کر معاملے کو رفع دفع کردیا –
بہار کے سمستی پور اور مدھوبنی شہروں سے بھی طلبا کے مظاہروں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں -
ادھر ہندوستان کے جنوبی شہروں چنئی اور حیدرآباد میں بھی طلبا تنظیموں نے جے این یو کی طلبا یونین کے صدر کنہیا کمار کی رہائی کے حق میں مظاہرے کئے۔ حیدرآباد میں مظاہرے کے دوران پولیس نے سی پی آئی کے متعدد کارکنوں کو حراست میں لے لیا-
چنئی میں آئیسا کی طالبات نے جے این یو طلبا یونین کے صدر کی حمایت میں جلوس نکالا -
اس درمیان اطلاعات ہیں کہ کنہیا کمار کی ضمانت کی درخواست پر سپریم کورٹ نے یہ کہہ کر سماعت کرنے سے انکار کردیا کہ اس قسم کے معاملے پہلے ہائی کورٹ یا اس سے بھی نچلی عدالت میں جاتے ہیں -
سپریم کورٹ نے جمعے کو کنہیا کمار کی درخواست ضمانت پر کہا کہ اس درخواست پر ہائی کورٹ میں جلد سے جلد سماعت کی جائے -
سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں یہ بھی کہا ہے کہ کنہیا کمار کی درخواست ضمانت پر سماعت کے دوران کنہیا کمار اور ان کے وکیلوں کی سیکورٹی کو یقینی بنایا جائے -
واضح رہے کہ گذشتہ نو فروری کو جے این یو میں ایک متنازعہ پروگرام کے دوران مبینہ طور پر ہندوستان مخالف نعرے بازی کے بعد پولیس نے جے این یو کے طلبا کی یونین کے صدر کنہیا کمار کو غداری کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے -
اس معاملے میں مزید کئی طلبا کو پولیس تلاش کررہی ہے -
جے این یو معاملے پر حکمراں اور اپوزیشن جماعتوں میں سیاسی بیان بازی بھی تیز ہوگئی ہے-