مولانا مسعود اظہر کا نام دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کیا جائے: ہندوستان کا اقوام متحدہ سے مطالبہ
ہندوستان نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جیش محمد کے سربراہ مولانا مسعود اظہر کا نام دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان نے جمعہ کے روز اقوام متحدہ کی (1267) بارہ سو سڑسٹھ کمیٹی کے نام ایک خط میں جیش محمد کے سربراہ مولانا مسعود اظہر کا نام دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرنے کی درخواست کی۔
ہندوستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے کہا کہ انھوں نے القاعدہ، طالبان اور دیگر گروہوں سے وابستہ افراد کے نام اقوام متحدہ کی بارہ سو سڑسٹھ کمیٹی کو پیش کیے ہیں۔ اس سے قبل مولانا مسعود اظہر کا نام اقوام متحدہ کی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرنے کے لیے ہندوستان کی کوششیں چین کی مخالفت کی وجہ سے ناکام ہوئی تھیں۔
جیش محمد کے سربراہ مولانا مسعود اظہر کے القاعدہ اور طالبان کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں۔ پاکستانی میڈیا نے کچھ عرصہ قبل مولانا مسعود اظہر اور ان کے تیرہ حامیوں کی گرفتاری کی خبر دی تھی۔
واضح رہے کہ ہندوستان کی حکومت مولانا مسعود اظہر کو پٹھان کوٹ ایئر بیس پر حملے کا ماسٹر مائنڈ قرار دیتی ہے۔