نئی دہلی میں جے این یو طلبہ یونین کے صدر جیل سے رہا
ہندوستان کے دارالحکومت دہلی میں جے این یو طلبہ یونین کے صدر کنہیا کمار کو جیل سے رہا کردیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ہندوستان کی معروف درسگاہ جواہر لعل نہرو یونیورسٹی، جے این یو، کی طلبہ یونین کے صدر کنہیا کمار کو جمعرات کی شام دہلی کی تہاڑ جیل سے رہا کردیا گیا۔ جے این یو میں ایک متنازع پروگرام سے متعلق ملک سے غداری کے الزام میں کنہیا کمار کو بارہ فروری کوگرفتار کرلیا گیا تھا۔
بدھ کے روز دہلی ہائی کورٹ نے کنہیا کمار کو عبوری ضمانت دے دی تھی۔ ان کو چھے ماہ کے لئے عبوری ضمانت دی گئی ہے۔
دریں اثنا کنہیا کمار کی رہائی کے بعد بدامنی کے اندیشے کے پیش نظر پولیس کو جے این یو اور اس کے آس پاس سخت نگرانی کی ہدایات دے دی گئی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق دہلی میں جے این یو طلبہ یونین کے صدر کنہیا کمار کی رہائی کے بعد بد امنی کے اندیشے کے پیش نظر دہلی پولیس نے سبھی اضلاع، ٹریفک اور پی سی آر (پولیس کنٹرول روم) اکائیوں کو خاص طور پر جے این یو کے اندر، اس کے آس پاس اور دہلی یونیورسٹی کیمپس میں سخت نگرانی کی ہدایات دی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق دہلی پولیس کے ایک ذریعہ نے بتایا کہ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ کنہیا کمار ضمانت پر رہا ہونے کے بعد اپنے حامیوں کی بڑی تعداد کے ساتھ جنتر منتر، جے این یو اور دہلی یونیورسٹی جا سکتے ہیں۔ ہدایات میں مزید کہا گیا ہے کہ کچھ سیاسی جماعتیں اور دائیں بازو کی تنظیمیں کنہیا کمار کے اجتماعات کی مخالفت کرسکتی ہیں اور پھر بدامنی پیدا ہونے کا اندیشہ ہے۔