ہندوستان کو ایران، بنگلادیش اور افریقہ میں بندرگاہیں بنانے میں دلچسپی
ہندوستان کے وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا ہے کہ ان کا ملک ایران، بنگلادیش اور افریقہ میں مشترکہ بندرگاہیں بنانے کا خواہش مند ہے-
ہندوستان کے مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری نے بدھ کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ بندرگاہوں کی تعمیر کا مقصد تجارت کے لئے سامان کا لین دین اور بحری میدان میں تعاون کرنا ہے-
ہندوستان کے وزیر ٹرانسپورٹ نے ایران کے جنوب مشرق میں واقع چابہار بندرگاہ کی توسیع کی اہمیت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک چابہار میں بیس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے لئے تیار ہے- انھوں نے کہا کہ ایران کی چابہار بندرگاہ کی توسیع سے ہندوستان کی افغانستان، وسطی ایشیا اور روس تک رسائی آسان ہو جائے گی-
نتن گڈکری نے کہا کہ ہندوستان نے جنوب مغربی بنگلادیش میں ایک بندرگاہ کی تعمیر سے متعلق ابتدائی اقدامات شروع کر دیے ہیں- انھوں نے کہا کہ ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ افریقی حکام کی ملاقات میں افریقی ممالک میں بندرگاہیں بنائے جانے پر اتفاق رائے ہوا-