May ۰۶, ۲۰۱۶ ۱۶:۴۵ Asia/Tehran
  • ملک میں جمہوریت کو تباہ نہیں ہونے دیں گے : اپوزیشن لیڈر سونیا گاندھی

ہندوستان میں حزب اختلاف کی رہنما اور کانگریس پارٹی کی صدر سونیا گاندھی نے کہا ہے کہ وہ ملک میں جمہوریت کو تباہ نہیں ہونے دیں گی

نئی دہلی میں جنتر منتر پر کانگریس کی جمہوریت بچاؤ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس صدر سونیا گاندھی نے وزیراعظم مودی اور آر ایس ایس پر ملک میں جمہوریت کو کمزور کرنے کا الزام لگایا- انہوں نے خبردار کیا کہ وہ جمہوریت کو تباہ کرنے کے آر ایس ایس کے ارادوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گی -

سونیا گاندھی نے اس بڑی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت دوسال میں ہر محاذپر ناکام رہی ہے - ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے اپنی ناکامی کو چھپانے کے لئے اب اپوزیشن کے کردار پر انگلی اٹھانے کا اپنا پرانا کھیل کھلینا شروع کردیا ہے - انہوں نے اپنے اوپر حکومتی حلقوں کی جانب سے وی وی آئی پی ہیلی کاپٹر سودے کے معاملے میں لگائے گئے الزام پر جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کو دبانے کی کوشش نہ کی جائے اور کوئی بھی طاقت کانگریس کو نہیں دبا سکتی - انہوں نے کہا کہ کانگریس نے بڑے بڑے مشکل حالات کا سامنا کیا ہے اور اس نے جمہوری اقدار کی حفاظت کے لئے جان کی قربانی تک دی ہے -

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی نے بھی حکومت پر شدید حملہ کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت حکومت صرف دو آدمیوں کے ہاتھ میں ہے - انہوں نے کہا کہ پوری حکومت نریندرمودی اور آرایس ایس سربراہ موہن بھاگوت چلا رہے ہیں- راہل گاندھی کا کہنا تھا کہ جو بھی ان دونوں پر تنقید کرتا ہے اس کو طرح طرح کے الزام میں گھیرنے کی کوشش کی جاتی ہے -

ریلی کے بعد کانگریس کے رہنماؤں اور کارکنوں نے پارلیمنٹ ہاؤس کی جانب مارچ کرنے کی کوشش کی لیکن پولیس نے انہیں روک دیا - اس موقع پر سونیا گاندھی ، راہل گاندھی ، سابق وزیراعظم منموہن سنگھ اور غلام نبی آزاد جیسے رہنماؤں نے پارلیمنٹ روڈ تھانے جا کر گرفتاری پیش کی مگر تھوڑی دیر بعد سبھی رہنما تھانے سے باہر آگئے -

ٹیگس