ہندوستان کے وزیراعظم کا دورہ سوئٹزرلینڈ
ہندوستان کے وزیراعظم پانچ ملکوں کے دورے کے تیسرے مرحلے میں سوئٹزرلینڈ پہنچ گئے ہیں
ہندوستانی وزیراعظم نریندرمودی نے پیرکو جنیوا میں سوئٹزرلینڈ کے صدر جوہان امان سے ملاقات کی - ہندوستان اور سوئٹزرلینڈ کے سربراہوں نے اپنی ملاقات میں دوطرفہ دلچسپی کے معاملات اور اہم علاقائی اور عالمی مسائل پر بات چیت کی -
اس ملاقات میں دونوں ملکوں کے رہنماؤں نے ہندوستان اور سوئٹزرلینڈ کو تعلقات کو پہلے سے بھی زیادہ فروغ دینے کے عزم کا اعلان کیا-
ہندوستانی وزیراعظم نے پیر کو جنیوا میں ایک اقتصادی نشست میں بھی شرکت کی جس میں دونوں ملکوں کے تاجر اور صنعتکار بھی موجود تھے اس اجلاس میں دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی اور تجاتی تعلقات کو فروغ دینے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا اور ایک دوسرے کے یہاں تجارتی مواقع تلاش کرنے پر زور دیا گیا -
اس سے پہلے ہندوستانی وزیراعظم نے کہا تھا کہ وہ سوئٹزرلینڈ کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کے لئے اس ملک کا دورہ کر رہے ہیں- خیال ہے کہ این ایس جی میں ہندوستان کی شمولیت کے سوال پر بھی ہندوستانی وزیراعظم نے سوئٹزرلینڈ کے صدر سے حمایت کی درخواست کی ہوگی - ہندوستانی وزیراعظم سوئٹزرلینڈ کے بعد امریکا اور میکسیکو کا بھی دورہ کریں گے - اس سے پہلے وہ افغانستان اور قطر کا دورہ مکمل کر چکے ہیں -