مالیگاؤں بم دھماکے کی ملزمہ سادھوی کی درخواست ضمانت مسترد
ہندوستان کی قومی تفتیشی ایجنسی این آئی اے کی خصوصی عدالت نے مالیگاؤں دہشت گردانہ بم دھماکے میں ملوث سادھوی پرگیا سنگھ ٹھاکر کی درخواست ضمانت مسترد کردی ہے-
دہشت گردی کے الزام میں جیل میں بند سادھوی پرگیا ٹھاکر کی درخواست ضمانت پر سماعت پچھلے ہفتے مکمل ہوگئی تھی اور اس کا فیصلہ منگل کو سنایا گیا -
سادھوی پرگیا ٹھاکر گذشتہ آٹھ برسوں سے مالیگاؤں دہشت گردانہ بم دھماکے میں ملوث ہونے کے الزام میں جیل میں بند ہے -
معاملے کی تحقیقات کرنے والی این آئی اے نے چند ماہ قبل اپنی ایک سپلی مینٹری چارج شیٹ میں سادھوی پرگیا سمیت چھے ملزمان کو کلین چٹ دے دی تھی اوراسی بنیاد پراس کے وکیل نے ضمانت کی درخواست دائر کی تھی - این آئی اے کی طرف سے دہشت گردی میں ملوث سادھوی پرگیا ٹھاکر کو کلین چٹ دیئے جانے پرہندوستان کے مختلف سیکولراور مذہبی حلقوں نے شدید ناراضگی کا اظہار کیا تھا-
ان حلقوں کا کہنا تھا کہ اس قسم کے اقدامات سے دہشت گردی کے خلاف جنگ کمزور ہوگی، اوردہشت گردوں کے حوصلے مزید بلند ہوں گے - ان حلقوں نے مرکزی حکومت پر بھی الزام لگایا تھا کہ وہ اپنی حامی ذیلی تنظیموں کے افراد کو جو دہشت گردی کے الزامات میں ملوث ہیں کلین چٹ دلانے کی کوشش کررہی ہے -
دوہزار آٹھ میں مالیگاؤں بم دھماکے میں چھے افراد جاں بحق اور ایک سو دیگر زخمی ہوگئے تھے - سادھوی پرگیا ٹھاکر کو گرفتار کرلئے جانے کے بعد مالیگاؤں بم دھماکے کے سلسلے میں تیرہ افراد کو گرفتار کیا گیا تھا جن میں فوج کا ایک کرنل پرساد پروہت اور سابق میجر رمیشں اپادھیائے بھی شامل ہے - یہ افراد بھگوا دہشت گرد تنظیموں کے رکن بتائے جاتے ہیں -