ہندوستان کا بنایا ہوا تارپیڈو ہندوستانی بحریہ کے حوالے
Jun ۲۹, ۲۰۱۶ ۱۷:۱۲ Asia/Tehran
ہندوستانی بحریہ کو مقامی طور پر تیار کردہ آبدوز شکن تارپیڈو سے لیس کر دیا گیا۔
ہندوستان کے وزیر دفاع منوہر پاریکر نے بدھ کو ہندوستانی بحریہ کو اپنے ملک میں تیار کردہ آبدوزشکن تارپیڈو وروناسٹر، سونپ دیا- یہ تارپیڈو سمندر کی گہرائی میں بھی آبدوزوں کو تباہ کر سکے گا- وروناسٹر تارپیڈو بنانے میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد ہندوستان، جدید اور آبدوز شکن بھاری تارپیڈو بنانے والے دنیا کے چند گنے چنے ملکوں میں شامل ہو گیا-
ہندوستان کے دفاعی تحقیق اور ترقی کے ادارے ڈی آر ڈی او کی لیبارٹری نے ہندوستان ڈائنمکس لمیٹڈ کے ساتھ مل کر یہ تارپیڈو بنایا ہے-
ہندوستان کے وزیر دفاع منوہر پاریکر نے ایک تقریب میں ہندوستانی بحریہ کے سربراہ ایڈمرل سنیل لامبا کو آبدوز شکن تارپیڈو باضابطہ طور پر سونپ دیا- اس موقع پر وزارت دفاع اور بحریہ کے سینیئر افسران بھی موجود تھے-