Jul ۲۸, ۲۰۱۶ ۱۶:۱۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان کے زیرانتظام کشمیرمیں حالات بدستور کشیدہ

ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں حالات بدستور کشیدہ ہیں اور مختلف علاقوں میں پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا۔

سری نگر سے ہمارے نمائندے نے خبردی ہے کہ پائین شہر میں اعلانیہ کرفیو کے باوجود پرتشدد مظاہرے ہوئےہیں جن کے دوران بہت سے افراد زخمی ہوئے ہیں - وادی کے جنوبی علاقوں اننتناگ ، کلگام ، پلواما اور شوپایاں میں بھی اعلانیہ کرفیو نافذ ہے - بانڈی پورہ اور سوپور میں بھی پرتشدد مظاہرے ہوئے ہیں -

خبروں میں بتایا گیا ہے کہ جن علاقوں میں کرفیو ہٹالیا گیا تھا وہاں پرتشدد مظاہروں کے بعد دوبارہ کرفیو نافذ کردیا گیا ہے اس درمیان حکام نے دعوی کیا ہے کہ حالات کشیدہ ضرور ہیں تاہم ان کے کنٹرول میں ہیں -

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں حکم دیا گیا ہے کہ پیلیٹ گن کا استعمال نہ کریں اور حتی الامکان طاقت کے استعمال سےگریز کریں -

واضح رہے کہ گذشتہ آٹھ جولائی سے ہونےوالے مظاہروں کے دوران فوج، سیکورٹی فورس اور پولیس کے ذریعے پیلیٹ گن کے استعمال کی وجہ سے ساٹھ کے قریب افراد جاں بحق اور چھے ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں جن میں بڑی تعداد ایسے لوگوں کی بھی ہے جن کی آنکھیں یا تو چلی گئیں یا بری طرح متاثر ہوئی ہیں -

ریاستی وزیراعلی محبوبہ مفتی نے صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ایک اعلی سطحی اجلاس کیا - حکام نے کہا ہے کہ وہ ایک موثر حکمت عملی کے ساتھ جلد ہی عوام کے درمیان آئیں گے۔

ٹیگس