Jul ۲۹, ۲۰۱۶ ۲۱:۲۶ Asia/Tehran
  • ہندوستان: حکومتی پالیسیوں کے خلاف بینک ملازمین کی ہڑتال

ہندوستان میں سرکاری بینک ملازمین نے حکومتی پالیسیوں کے خلاف بطور احتجاج ہڑتال کردی۔

اطلاعات کے مطابق سرکاری بینکوں کی اسّی ہزاربرانچوں سے وابستہ ملازمین نے سرکاری بینکوں کو ایک دوسرے میں ضم کرنے اور بیرونی سرمایہ کاری کی پالیسی کے خلاف ہڑتال کردی ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق ہڑتال کے سبب ، چیک بک جاری کرنے، رقومات کی وصولی اورسہولیات کی فراہمی جیسے معاملات میں خاصی مشکلات پیدا ہوگئی ہیں۔

ہندوستان کے نو بڑے سرکاری بینکوں کی یونین سے آٹھ لاکھ ملازمین وابستہ ہیں۔ سرکاری بینکوں کے محکمے کے سربراہ " سی ایچ ونکٹا چالام" نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملازمین کی ہڑتال کے سبب بینکوں کی معمول کی سرگرمیاں متاثر ہوگئی ہیں۔

ہندوستان کے سرکاری بینکوں کے نمائندوں نے ملازمین کے تحفظات کو دور کرنے کے لئے تین روز قبل ایک اجلاس تشکیل دینے کا اعلان کیا تھا تاہم کوئی وجہ بتائے بغیراس اجلاس کو منسوخ کردیا گیا۔

بینک ملازمین نے اپنے تحفظات کو دور کئے جانے تک ہڑتال جاری رکھنے کی دھمکی دی ہے۔

ٹیگس